اکبر نیازی ہسپتال کی آئی ٹی پی کے تعاون سے بھارہ کہو با ئی پاس پر سکیورٹی کیبنز و آگاہی پیغامات کی تنصیب

106
اکبر نیازی ہسپتال کی آئی ٹی پی کے تعاون سے بھارہ کہو با ئی پاس پر سکیورٹی کیبنز و آگاہی پیغامات کی تنصیب

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):ڈاکٹراکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال نے اپنی کارپوریٹ و سماجی ذمہ داری کے تحت اسلام آباد ٹریفک پولیس کے ساتھ ملکر بھارہ کہو بائی پاس پرسکیورٹی کیبنزاورٹریفک کے متعلق آگاہی پیغامات کی تنصیب کی۔ہسپتال کے ایگزیکٹوڈائریکٹر کرنل (ریٹائرڈ) ڈاکٹرغلام مجتبیٰ عباسی، ڈائریکٹرڈاکٹرعریج نیازی اور ہسپتال کے دیگر انتظامی عملے نے آئی ٹی پی عہدیداروں کا ہسپتال میں منعقدہ تقریب میں استقبال کیا۔ تقریب میں کیبنز ڈی ایس پی (آئی ٹی پی) نذرحسین کے حوالے کیے گئے۔

تقریب میں سب انسپکٹر آئی ٹی پی (روڈ اینڈ سیفٹی) محمد شفیق باجوہ، اسسٹنٹ سب انسپکٹر (روڈ اینڈ سیفٹی) ظاہرہ بتول، اور اسسٹنٹ سب انسپکٹر شبیر حسین نے بھی شرکت کی۔ ڈی ایس پی نے بھارہ کہو بائپاس پر مسافروں اور پولیس عملے کے لیے ایک محفوظ ماحول بنانے میں اکبر نیازی ہسپتال کی اس کوشش کو بھرپور سراہا۔تقریب کے بعد روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین پر آئی ٹی پی ایجوکیشن ونگ کی جانب سے اے این ٹی ایچ میں ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ ورکشاپ میں ڈرائیورزسمیت ہسپتال کے عملے کے اراکین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

آئی ٹی پی ٹرینرز نے شرکاء کو مختلف ٹریفک پروٹوکولز بشمول گاڑیوں کا فوری معائنہ، انجن کے گرم ہونے کی صورت میں اقدامات اور ٹریفک سائینز کے بارے میں بتایا۔ ورک شاپ میں شرکاء کی جانب سے مختلف سوالات بھی کیے گئے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ورکشاپ کافی معلوماتی اورمفید تھی۔

اس موقع پر ڈاکٹرعریج نیازی نے کہا کہ ہمیں اس پارٹنرشپ کا حصہ بننے پر خوشی ہے۔ اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال ہمیشہ کمیونٹی کی مجموعی فلاح و بہبود کے لیے پرعزم رہا ہے اور مستقبل میں بھی ایسے اقدامات جاری رکھے گا۔ کرنل (ریٹائرڈ) ڈاکٹر غلام مجتبیٰ عباسی نے تقریب کے دوران کہا کے معیاری صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اے این ٹی ایچ کو عوام کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرنے پر فخر ہے۔

اے این ٹی ایچ کمیونیکیشنز کے سربراہ عمران علی غوری نے میڈیا کو بتایا کے یہ پارٹنرشپ ہسپتال کی فلاحی سرگرمیوں کا اہم حصہ ہے اور یہ مشترکہ کوشش ہسپتال کی معاشرے میں ذمہ دارانہ شراکت داری کو ظاہر کرتی ہے۔تقریب کے اہتمام پرکرنل (ریٹائرڈ) ڈاکٹرغلام مجتبیٰ عباسی نے چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد محمد سرفراز ورک کے تعاون پرٹریفک پولیس کے عملہ کو شیلڈز پیش کیں اوربھر پور شکریہ ادا کیا۔