ایبٹ آباد،دودھ کے 22 نمونوں کی لیبارٹری جانچ،غیر معیاری دودھ فروخت کرنے پر 8 دکانیں سیل

ایبٹ آباد میں ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر شہریوں کو معیاری اور محفوظ دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے حلال فوڈ اتھارٹی نے شہر بھر میں فروخت ہونے والے دودھ کے نمونوں کی جامع لیبارٹری جانچ مکمل کر لی ہے

ایبٹ آباد۔ 10 جون (اے پی پی):ایبٹ آباد میں ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر شہریوں کو معیاری اور محفوظ دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے حلال فوڈ اتھارٹی نے شہر بھر میں فروخت ہونے والے دودھ کے نمونوں کی جامع لیبارٹری جانچ مکمل کر لی ہے،انتظامیہ کے مطابق حلال فوڈ اتھارٹی نے ایبٹ آباد شہر کی مختلف دودھ فروش دکانوں اور ڈیری فارمز سے 22 دودھ کے نمونے حاصل کیے جنہیں تفصیلی لیبارٹری تجزیے کے لیے بھجوایا گیا،رپورٹ کے مطابق 7 نمونے مقررہ معیار پر پورا نہ اتر سکے جبکہ 14 نمونوں کو صاف،خالص اور آرگینک دودھ قرار دیا گیا جو انسانی استعمال کے لیے موزوں ہیں،لیبارٹری نتائج سامنے آنے کے بعد ضلعی انتظامیہ نے غیر معیاری دودھ کی فروخت کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 8 دکانوں کو سیل کر دیا،حکام کا کہنا ہے کہ عوامی صحت سے کھیلنے اور ملاوٹ شدہ یا غیر معیاری دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی،ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شہریوں کو معیاری خوراک کی فراہمی اور عوامی صحت کے تحفظ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے،دودھ فروشوں اور ڈیری فارم مالکان کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوڈ سیفٹی کے اصولوں پر عمل درآمد اور صفائی کے معیار کو یقینی بنائیں،انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دودھ کے معیار یا دیگر غذائی اشیاء سے متعلق کسی بھی شکایت،تجویز یا معلومات کے لیے ضلعی کنٹرول روم سے رابطہ کریں تاکہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔