ایراسمس پلس پروگرام: 98 پاکستانی طلبہ کا انتخاب، پاکستان مسلسل پانچویں سال سرفہرست ممالک میں شامل
ایراسمس پلس پروگرام: 98 پاکستانی طلبہ کا انتخاب، پاکستان مسلسل پانچویں سال سرفہرست ممالک میں شامل

مزید خبریں
اسلام آباد۔30مئی (اے پی پی):پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ایراسمس پلس پروگرام کے تحت تعاون مسلسل مضبوط ہو رہا ہےجو علمی معیار، طلبہ و نوجوانوں کی نقل و حرکت،تحقیقی اشتراک اور صلاحیت سازی کے مشترکہ عزم پر مبنی ایک دیرینہ اور باہمی فائدہ مند شراکت داری کی عکاسی کرتا ہے۔
پاکستانی سفارت خانے نے برسلز میں 98 منتخب اسکالرز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں امیدواروں کا انتخاب دونوں فریقوں کے درمیان تعلیمی تعاون کی گہرائی کا ثبوت ہے، پاکستان کا مسلسل پانچویں سال عالمی سطح پر سرفہرست ممالک میں شامل ہونا پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں اور پاکستان-یورپی یونین علمی شراکت داری کی بڑھتی ہوئی مضبوطی کا مظہر ہے۔
ہفتہ کوسفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کہا کہ برسلز میں پاکستانی سفارت خانہ اپنی سائنس ڈپلومیسی کی حکمتِ عملی کو آگے بڑھانے اورپاکستان و یورپی یونین کےدرمیان اعلیٰ تعلیم، تحقیق،جدت اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کےشعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پُرعزم ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اس تعاون کے ذریعے دونوں جانب کے تعلیمی اداروں، محققین اور اختراع کاروں کے درمیان روابط کو مزید فروغ دیا جائے گا، جس سے علم اور تحقیق کے شعبوں میں مشترکہ ترقی کی نئی راہیں ہموار ہوں گی۔








