اسلام آباد۔20جولائی (اے پی پی):ایرانی صدر کے سماجی امور کے نائب ڈاکٹر علی ربیع نے کہا ہے کہ ایرانی عوام اسرائیل کی حالیہ جارحیت کے دوران ایران کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کو فراموش نہیں کریں گے اور ای سی آئی کے کردار کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ای سی او کلچرل انسٹی ٹیوٹ (ای سی آئی) کے …
ایرانی صدر کے سماجی امور کے نائب کی سبکدوش ہونے والے ای سی آئی صدر کی تحسین

مزید خبریں
اسلام آباد۔20جولائی (اے پی پی):ایرانی صدر کے سماجی امور کے نائب ڈاکٹر علی ربیع نے کہا ہے کہ ایرانی عوام اسرائیل کی حالیہ جارحیت کے دوران ایران کے لیے پاکستان کی بھرپور حمایت کو فراموش نہیں کریں گے اور ای سی آئی کے کردار کو مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ای سی او کلچرل انسٹی ٹیوٹ (ای سی آئی) کے صدر ڈاکٹر سعد ایس خان سے ملاقات کے دوران کیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ای سی آئی دس رکنی اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کا خصوصی ثقافتی ادارہ ہے۔
انہوں نے علاقائی ثقافتی تعاون کو وسعت دینے کے حوالہ سے تبادلہ خیال کے لیے اتوار کو سعد ایس خان سے ملاقات کی۔ ڈاکٹر ربیع ایک اعلیٰ ایرانی سیاست دان اور ثقافتی شعبہ میں ایک بااثر شخصیت ہیں جن کو ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پیزشکیان نے گزشتہ سال سماجی اور ثقافتی شعبوں میں اپنی پالیسیوں کے فروغ کے لیے اپنا نائب مقرر کیا تھا۔یونیسکو کے علاقائی ہم منصب کے طور پر ای سی آئی کے کردار پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر خان نے تہران کے اس منفرد امتیاز کو اجاگر کیا جو واحد بین الاقوامی ثقافتی تنظیم کی میزبانی کرتا ہے جس کا صدر دفتر ایران میں ہے۔
انہوں نے ای سی آئی کے پلیٹ فارم کو ایران کے لیے مثبت علاقائی سفارت کاری اور اپنی ثقافتی اقدار کو وسیع تر پلیٹ فارمز پر پیش کرنے کا ایک اسٹریٹجک موقع قرار دیا۔ ڈاکٹر سعد خان کی تہران سے روانگی کا ذکر کرتے ہوئے نائب صدر نے تہران میں ای سی آئی کے صدر کی حیثیت سے اپنے دور میں ثقافت کے شعبے میں ان کی خدمات کو بھی سراہا اور ان کی مستقبل کی کوششوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
ڈاکٹر ربیع نے اس اقدام کا خیر مقدم کیا اور ای سی آئی کے مشن کی معاونت کے لیے ایران کے بھر پور تعاون کے عزم کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے مشترکہ ثقافتی تہواروں، سرحد پار تعلیمی تبادلوں اور مشترکہ ترجیحات کے مطابق علاقائی سماجی منصوبوں کے فروغ کی تجویز پیش کی۔
ڈاکٹر ربیع نے صدر ای سی آئی کا غزہ اور فلسطین میں جاری تنازعہ کے حوالے سے مضبوط موقف پر شکریہ بھی ادا کیا۔ فریقین نے ثقافتی اقدامات کو ای سی آئی کے ترقیاتی اہداف کے ساتھ ہم آہنگ کرنے اور علاقائی چیلنجوں کے درمیان ثقافت کو اتحاد اور تعاون کے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرنے پر بھی اتفاق کیا۔







