ایران اور امریکہ کے درمیان سفارتی پیشرفت علاقائی و عالمی امن کے لئے مثبت قدم ہے،سید یوسف رضا گیلانی

ایران اور امریکہ کے درمیان سفارتی پیشرفت علاقائی و عالمی امن کے لئے مثبت قدم ہے،سید یوسف رضا گیلانی

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکہ کے درمیان حالیہ سفارتی پیشرفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان مسلسل مذاکرات اور مثبت روابط خطے میں امن، عالمی استحکام اور اقتصادی خوشحالی کے فروغ کا باعث بنیں گے۔پیر کوسینٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ عالمی اور علاقائی صورتحال میں سفارتکاری تنازعات کے حل اور پائیدار امن کے قیام کا سب سے مؤثر اور دیرپا ذریعہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان بامقصد مذاکرات اور مثبت پیشرفت کشیدگی میں کمی، اعتماد سازی اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ سے اس مؤقف کا حامی رہا ہے کہ تمام تنازعات کو مذاکرات، باہمی احترام، بین الاقوامی قوانین کی پاسداری اور پرامن ذرائع سے حل کیا جانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ محاذ آرائی کی بجائے سفارتی روابط، علاقائی استحکام، پرامن بقائے باہمی اور بین الاقوامی تعاون کی حمایت کی ہے۔چیئرمین سینیٹ نے عالمی امن اور بین الاقوامی ہم آہنگی کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ صدرِ مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی قیادت اور پاکستان کی مسلح افواج خصوصاً چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی حکمت عملی اور دور اندیشی کے تحت پاکستان متوازن، اصولی اور ذمہ دار خارجہ پالیسی پر عمل پیرا ہے جس کا محور علاقائی استحکام، کشیدگی میں کمی اور باہمی تعاون ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے سفارتی حل اور اعتماد سازی کے فروغ کے لئے کام کرنے والے تمام فریقین کی کوششوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دانشمندی، تحمل اور سیاسی بصیرت کے ذریعے تمام اختلافات کو تعمیری مکالمے اور باہمی افہام و تفہیم سے حل کیا جائے گا۔انہوں نے پاکستان کے اس غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے اور دنیا میں امن، مذاکرات، کثیرالجہتی تعاون اور ہم آہنگی کے فروغ کے لئے ہر مخلصانہ کوشش کی حمایت جاری رکھے گا تاکہ ایک پرامن، مستحکم اور خوشحال عالمی ماحول کی تشکیل ممکن ہو سکے۔