ایس ایس پی ٹریفک ایبٹ آباد کی زیرِ نگرانی افسران کا اجلاس، ٹریفک نظام مزید مؤثر بنانے کی ہدایات

ایس ایس پی ٹریفک ایبٹ آباد محمد اشتیاق کی زیرِ نگرانی اعلیٰ افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ضلع بھر کے سرکل ڈی ایس پیز، انسپکٹرز، ٹی ایس آئیز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔تمام سرکلز کی مجموعی کارکردگی، ٹریفک قوانین پر عمل درآمد، نفری کی کارکردگی

ایبٹ آباد۔ 01 جولائی (اے پی پی):ایس ایس پی ٹریفک ایبٹ آباد محمد اشتیاق کی زیرِ نگرانی اعلیٰ افسران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ضلع بھر کے سرکل ڈی ایس پیز، انسپکٹرز، ٹی ایس آئیز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔تمام سرکلز کی مجموعی کارکردگی، ٹریفک قوانین پر عمل درآمد، نفری کی کارکردگی، ٹریفک مینجمنٹ اور دیگر انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔ ایس ایس پی ٹریفک نے افسران کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد آئندہ کے لیے ضروری ہدایات بھی جاری کیں۔اس موقع پر ایس ایس پی ٹریفک محمد اشتیاق نے ہدایت کی کہ تمام سرکل ڈی ایس پیز اپنے اپنے علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر خصوصی ناکہ بندیاں یقینی بنائیں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائیاں عمل میں لائیں۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ غیر قانونی ٹرانسپورٹ اڈوں، تجاوزات، غلط پارکنگ اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والے عناصر کے خلاف باقاعدہ آپریشن کیا جائے تاکہ شہریوں کو محفوظ اور منظم سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ اپنی ماتحت نفری کا روزانہ ٹرن آؤٹ چیک کریں، ڈیوٹی کے دوران ان کی موجودگی، وردی، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل کو یقینی بنائیں اور عوام کے ساتھ خوش اخلاقی اور احترام سے پیش آئیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہر افسر اپنی ذمہ داریاں پوری دیانتداری، فرض شناسی اور جذبۂ خدمت کے ساتھ انجام دے تاکہ ٹریفک پولیس پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔اجلاس کے اختتام پر ایس ایس پی ٹریفک محمد اشتیاق نے واضح کیا کہ بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران اور اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، جبکہ فرائض میں غفلت، لاپرواہی یا غیر ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے والوں کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایبٹ آباد میں ٹریفک کے نظام کو مزید بہتر، منظم اور عوام دوست بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

مزید خبریں