ایس ایم منیر کی وفات تاجر برادری کا بڑا قومی نقصان ہے، چیئرمین یوبی جی شہزاد علی ملک

پاکستان ہائی ٹیک ہائبرڈ سیڈ ایسوسی ایشن کو سٹیک ہولڈر کے طور پراین ایس ڈی آر اے میں شامل کیا جائے، شہزاد علی ملک

اسلام آباد۔4دسمبر (اے پی پی):سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹریڈ ڈویلپنگ اتھارٹی پاکستان، سابق صدر فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری و سرپرست اعلیٰ یونائیٹڈ بزنس گروپ ایس ایم منیر المعروف بھائی جان کی یاد میں اتوار کو یہاں دعائے مغفرت کا اہتمام کیا گیا۔

شرکاءنے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ وہ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابل تلافی نقصان صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔ اس موقع پر چیئرمین یو بی جی شہزاد علی ملک ستارہ امتیاز نے کہا کہ افسوس کی اس گھڑی میں ہماری ہمدردیاں اور دعائیں تمام لواحقین کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بیشک ہم اللہ کے لیے ہیں اور اسی کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ایس ایم منیر کی وفات تاجر برادری کیلئے بڑا قومی نقصان ہے اور انہیں جدوجہد اور عزم کے استعارہ کے طور پر طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ایس ایم منیر کی وفات سے ایک بڑا خلا پیدا ہو گیا ہے جو آنے والے دنوں میں طویل عرصہ تک پر نہیں ہو گا۔ شہزاد علی ملک نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایم منیر تاجر برادری کی ایک عظیم شخصیت تھے جنہوں نے ہمیشہ نہ صرف ہر وقت صنعتکاروں اور تاجروں کے مفادات کا تحفظ کیا بلکہ اقتدار کی راہداریوں میں ان کی بھر پور وکالت بھی کی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ان پر فخر ہے کہ وہ زندگی بھر قومی معیشت کو مضبوط بنانے اور صنعتکاروں اور تاجروں کو درپیش مسائل کے فوری ازالے کے لیے ہر ممکن طریقے سے کاروباری برادری کی مدد و رہنمائی کرتے رہے۔

دعا میں تاجروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور ان کے انتقال پر دلی تعزیت کا اظہار کیا۔اس موقع پر ان کے اہل خانہ ایس ایم نصیر، ایس ایم جاوید، ایس ایم پرویز، ایس ایم طارق، ایس ایم نبیل اور ایس ایم عمیر بھی موجود تھے۔