لندن/سڈنی۔8جنوری (اے پی پی):انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن میکولم نے تسلیم کیا ہے کہ ایشز سیریز میں 1-4 کی شکست کے بعد ان کے طریقۂ کار میں کچھ تبدیلیاں ناگزیر ہیں، جبکہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی)نے اس ناکام دورے پر ایک جامع اور تفصیلی جائزے کا اعلان کر دیا ہے۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق آسٹریلیا میں ابتدائی 11 دنوں کے اندر ایشز سیریز ہارنے …
ایشز سیریز میں 1-4 سے شکست کے بعد برینڈن میکولم ٹیم میں تبدیلیوں پر امادہ، ای سی بی کا جامع جائزہ شروع

مزید خبریں
لندن/سڈنی۔8جنوری (اے پی پی):انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ برینڈن میکولم نے تسلیم کیا ہے کہ ایشز سیریز میں 1-4 کی شکست کے بعد ان کے طریقۂ کار میں کچھ تبدیلیاں ناگزیر ہیں، جبکہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی)نے اس ناکام دورے پر ایک جامع اور تفصیلی جائزے کا اعلان کر دیا ہے۔سپورٹس ویب سائٹ کے مطابق آسٹریلیا میں ابتدائی 11 دنوں کے اندر ایشز سیریز ہارنے کے بعد ہیڈ کوچ برینڈن میکولم کی حکمتِ عملی اور کردار پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں، اگرچہ وہ آئندہ دو برس کے لیے معاہدے کے تحت ہیڈ کوچ برقرار رہیں گے۔
ای سی بی کے چیف ایگزیکٹو رچرڈ گولڈ نے واضح کیا ہے کہ تنظیم مستقبل میں ضروری تبدیلیاں نافذ کرے گی تاکہ ٹیم دوبارہ عالمی معیار کی کارکردگی حاصل کر سکے۔رچرڈ گولڈ نے اپنے بیان میں کہا کہ اس دورے کا آغاز بڑی امیدوں کے ساتھ ہوا تھا، تاہم انگلینڈ ٹیم مسلسل اور ہمہ گیر کارکردگی دکھانے میں ناکام رہی ، جس کے باعث آسٹریلیا ایشز برقرار رکھنے کا مستحق ٹھہرا۔ انہوں نے ٹیم کلچر، تفصیلات پر توجہ کی کمی اور حالات کے مطابق خود کو نہ ڈھال پانے کو اہم خامیوں میں شمار کیا۔ای سی بی کے مطابق یہ جائزہ ٹیم کی تیاری، ٹور پلاننگ، کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی، رویوں اور دباؤ میں ردِعمل کی صلاحیت کا احاطہ کرے گا، جبکہ ہدف 2027 میں ایشز دوبارہ جیتنا قرار دیا گیا ہے۔
برینڈن میکولم نے بھی شکست کے بعد کہا کہ وہ اپنی حکمتِ عملی کا جائزہ لینے اور بہتری لانے کے لیے تیار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ارتقا اور بہتری کے حامی ہیں اور خود سے یہ سوال کریں گے کہ وہ کہاں بہتر کر سکتے تھے، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وہ اپنے کوچنگ نظریے پر یقین رکھتے ہیں اور مکمل ہدایت قبول کرنے کے بجائے متوازن تبدیلیوں کے قائل ہیں۔انگلینڈ کے کپتان بین سٹوکس نے برینڈن میکولم پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ ہوم سیزن میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے آغاز پر بھی ٹیم کے انچارج ہوں گے۔
بین سٹوکس نے کہا کہ انہیں برینڈن میکولم کے ساتھ کام کرنا بے حد پسند ہے اور وہ ایک بہترین کوچ ہیں۔بین سٹوکس نے اپنی قیادت جاری رکھنے کی خواہش کا بھی اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ چیلنجز کو قبول کرنے کے لیے تیار ہیں اور ان کا مقصد ٹیم کو دوبارہ اس معیار تک پہنچانا ہے جہاں وہ ماضی میں پہنچ چکی تھی۔ایشز سیریز کے بعد انگلینڈ کی ٹیم اب سری لنکا کے دورے اور فروری میں ہونے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ پر توجہ مرکوز کرے گی، جہاں ای سی بی کی جانب سے اعلان کردہ اصلاحات کے عملی اثرات دیکھے جائیں گے۔








