ایف آئی ایچ نے بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ میں جاپان کی ٹیم کاپروفائل جاری کر دیا

انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے 15 اگست سے بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں ہونے والے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ کے سلسلے میں شریک ٹیموں کے تعارفی سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے جاپان کی مردوں کی ہاکی ٹیم کا پروفائل جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق عالمی درجہ بندی میں 15ویں نمبر پر موجود جاپان مسلسل دوسری مرتبہ ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا، جبکہ مجموعی …

لاہور۔18جولائی (اے پی پی):انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے 15 اگست سے بیلجیئم اور نیدرلینڈز میں ہونے والے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ کے سلسلے میں شریک ٹیموں کے تعارفی سلسلے کو جاری رکھتے ہوئے جاپان کی مردوں کی ہاکی ٹیم کا پروفائل جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق عالمی درجہ بندی میں 15ویں نمبر پر موجود جاپان مسلسل دوسری مرتبہ ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ میں شرکت کرے گا، جبکہ مجموعی طور پر یہ اس کی چھٹی ورلڈ کپ شرکت ہوگی۔جاپان نے رواں سال مصر کے شہر اسماعیلیہ میں منعقدہ ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائر میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کیا۔ ایونٹ میں انگلینڈ کے ہاتھوں ابتدائی میچ میں 5-0 سے شکست کے باوجود جاپانی ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے امریکا کو 0-4 سے ہرایا، جبکہ میزبان مصر کو کپتان رائیکی فوجیشیما کی ہیٹ ٹرک کی بدولت 3-6 سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔سیمی فائنل میں جاپان کو چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن پاکستان کا سامنا کرنا پڑا۔

جاپانی ٹیم میچ کے اختتامی آٹھ منٹ تک 1-3 کی برتری حاصل کیے ہوئے تھی، تاہم پاکستان نے آخری لمحات میں مسلسل تین گول اسکور کرکے 3-4 سے کامیابی حاصل کر لی اور ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر گیا۔تیسری پوزیشن کے میچ میں جاپان نے ایک اور شاندار واپسی کرتے ہوئے ملائیشیا کے خلاف 1-3 کے خسارے کو 4-5 کی فتح میں تبدیل کر دیا۔ کوجی یاماساکی سمیت جاپانی کھلاڑیوں نے آخری پانچ منٹ میں تین گول کرکے اپنی ٹیم کو نہ صرف کامیابی دلائی بلکہ ورلڈ کپ کا ٹکٹ بھی یقینی بنایا۔اسماعیلیہ کوالیفائر میں رائیکی فوجیشیما، کوجی یاماساکی اور کازوماسا ماتسوموتو نے چار، چار گول اسکور کیے۔ تجربہ کار کھلاڑیوں میں دفاعی کھلاڑی مانابو یاماشیتا (250 سے زائد بین الاقوامی میچز)، شوتا یامادا (180 سے زائد)، مڈفیلڈر سیرین تاناکا (190 سے زائد) اور گول کیپر تاکاشی یوشیکاوا (170 سے زائد) ٹیم کا اہم سرمایہ ہیں۔جاپان کے ہیڈ کوچ یوشی ہیرو انائی، جو 2006 کے ورلڈ کپ میں جاپان کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں، مارچ 2024 میں قومی ٹیم کے کوچ مقرر ہوئے تھے۔

ان کی نگرانی میں جاپان نے پہلی مرتبہ سلطان اذلان شاہ کپ 2024 کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ انائی نے کہا کہ ان کی ٹیم کا ہدف ورلڈ کپ میں ٹاپ ٹین میں جگہ بنانا ہے اور ہر میچ میں بھرپور تیاری، محنت اور جذبے کے ساتھ میدان میں اترے گی تاکہ سامورائی جاپان کی تاریخ کا نیا باب رقم کیا جا سکے۔کپتان رائیکی فوجیشیما نے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے ہاکی ایونٹ میں جاپان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم سخت محنت، بہترین ٹیم ورک اور مضبوط عزم کے ساتھ ہر فتح کے لیے جدوجہد کرے گی اور اپنی رفتار اور اجتماعی کھیل سے ثابت کرے گی کہ جاپانی ہاکی دنیا کی بہترین ٹیموں کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ایف آئی ایچ کے مطابق جاپان کے تجربہ کار فارورڈ کوجی یاماساکی ٹیم کے سب سے خطرناک اٹیکنگ کھلاڑی تصور کیے جاتے ہیں۔ 157 بین الاقوامی میچوں میں 84 گول کرنے والے 30 سالہ یاماساکی اپنے کیریئر کا دوسرا ہاکی ورلڈ کپ کھیلیں گے اور جاپان کی کامیابیوں میں ان سے اہم کردار کی توقع کی جا رہی ہے۔ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ کا آغاز 15 اگست کو ہوگا، جس میں مردوں اور خواتین دونوں کی ٹیمیں پہلے ہی روز ایکشن میں نظر آئیں گی۔

 

مزید خبریں