ایف آئی اے اور ایسپائر گروپ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط، ایف آئی اے کے شہدا کے بچوں کو فیس میں 100 فیصد اور حاضر سروس اہلکاروں کے بچوں کو 50 فیصد رعایت دی جائے گی

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے ملک بھر میں ایف آئی اے ملازمین کے بچوں کے لیے تعلیمی فیس میں خصوصی رعایت فراہم کرنے کے لیے ایسپائر گروپ آف کالجز کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔معاہدے کے تحت ایف آئی اے کے شہید اور جاں بحق ہونے والے ملازمین کے بچوں کو فیس میں 100 فیصد رعایت دی جائے گی جبکہ …

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے ملک بھر میں ایف آئی اے ملازمین کے بچوں کے لیے تعلیمی فیس میں خصوصی رعایت فراہم کرنے کے لیے ایسپائر گروپ آف کالجز کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔معاہدے کے تحت ایف آئی اے کے شہید اور جاں بحق ہونے والے ملازمین کے بچوں کو فیس میں 100 فیصد رعایت دی جائے گی جبکہ ایف آئی اے کے حاضر سروس اہلکاروں کے بچوں کو 50 فیصد اور ریٹائرڈ ایف آئی اے ملازمین کے بچوں کو 25 فیصد رعایت دی جائے گی۔

ایف آئی اے کے ایک سینئر اہلکار نے اتوار کو اے پی پی کو بتایا کہ اس مفاہمت نامے کا مقصد ایف آئی اے اہلکاروں کے اہل خانہ کے لیے معیاری تعلیم تک رسائی کو آسان بنانا ہے جو ادارے کے ملازمین اور ان کے زیر کفالت افراد کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ایف آئی اے کی جانب سے اپنی افرادی قوت بالخصوص ان لوگوں کے خاندانوں کی مدد کے لیے کیے جانے والے وسیع تر فلاحی اقدامات کا حصہ ہے جنہوں نے ملک کے لیے گراں قدر خدمات انجام دیں۔

معاہدے کے مطابق ایف آئی اے کے اہل ملازمین کے بچے پاکستان بھر میں ایسپائر گروپ کے اداروں میں فیس میں رعایت سے فائدہ اٹھا سکیں گےجس سے وہ معیاری اور بہتر ماحول میں تعلیم حاصل کر سکیں گے۔اہلکار نے مزید کہا کہ ایف آئی اے تعلیم میں سرمایہ کاری ایک مضبوط مستقبل کی تعمیر کے لیے ضروری تصور کرتی ہے اور معروف تعلیمی اداروں کے ساتھ اس طرح کی شراکت داری قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے بچوں کے لیے سیکھنے کے بہتر مواقع کو یقینی بنانے میں مدد کرتی ہے۔

ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں ایف آئی اے اور ایسپائر گروپ کے سینئر نمائندوں نے شرکت کی اور امید ظاہر کی کہ اس اقدام سے ایف آئی اے ملازمیں کے خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا اور دونوں اداروں کے درمیان تعاون کو تقویت ملے گی۔