سرگودھا۔19دسمبر (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ (آئی سی ایم پی ڈی) کے زیراہتمام مائیگرنٹ ریسورس سینٹرلاہور نے یونیورسٹی آف سرگودھا کے ’’ریسرچ ایرینا 2025‘‘ کے تحت ایک روزہ خصوصی آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار کا بنیادی مقصد طلبہ کو غیر قانونی ہجرت کے خطرات سے بچانا اور بیرون ملک تعلیم و روزگار کے قانونی طریقوں سے روشناس کروانا تھا۔ …
ایف آئی اے اور ایم آر سی کے اشتراک سے سرگودھا یونیورسٹی میں انسانی سمگلنگ کے خلاف آگاہی سیمینار

مزید خبریں
سرگودھا۔19دسمبر (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ (آئی سی ایم پی ڈی) کے زیراہتمام مائیگرنٹ ریسورس سینٹرلاہور نے یونیورسٹی آف سرگودھا کے ’’ریسرچ ایرینا 2025‘‘ کے تحت ایک روزہ خصوصی آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار کا بنیادی مقصد طلبہ کو غیر قانونی ہجرت کے خطرات سے بچانا اور بیرون ملک تعلیم و روزگار کے قانونی طریقوں سے روشناس کروانا تھا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے محمود علی کھوکھرنے کہا کہ انسانی سمگلنگ اور غیر قانونی ہجرت جیسے ناسور سے بچنے کے لیے نوجوانوں میں آگاہی ناگزیر ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایف آئی اے مجرمانہ نیٹ ورکس کے خلاف سخت کارروائیاں کر رہی ہے، تاہم فنی تعلیم اور درست معلومات کے ذریعے ہی نوجوان ایجنٹوں کے جھوٹے وعدوں اور استحصال سے بچ سکتے ہیں ۔
ایم آر سی لاہور کی سینئر کونسلر شازیہ رفیق نے طلبہ کو بیرون ملک تعلیم کے لیے بین الاقوامی اسکالرشپس کے حصول اور میرٹ پر مبنی مستند اداروں کی شناخت کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے زور دیا کہ بیرون ملک ملازمت یا تعلیم کی کسی بھی پیشکش کو قبول کرنے سے پہلے سرکاری اور مجاز ذرائع سے اس کی تصدیق لازمی کریں۔پنجاب جاب سینٹر کے پروگرام منیجر شیخ انعام اللہ اور سوشل میڈیا ایکسپرٹ طیب ریاض نے طلبہ کو حکومت پنجاب کی جانب سے روزگار کی فراہمی کے لیے شروع کیے گئے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے بارے میں بتایا۔
انہوں نے پنجاب جاب پورٹل پر رجسٹریشن اور جاب میچنگ کی سہولیات سے فائدہ اٹھانے کے طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔سیمینار کے اختتام پر طلبہ نے ماہرین سے سوالات کیے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ غیر قانونی ہجرت کے خلاف اس پیغام کو معاشرے کے دیگر طبقوں تک پہنچائیں گے۔ ایف آئی اے حکام نے اس عزم کو دہرایا کہ ایک باخبر نوجوان ہی انسانی سمگلنگ کے خلاف سب سے مضبوط ڈھال ثابت ہو سکتا ہے۔








