ایف آئی اے کی کارروائی، حوالہ ہنڈی نیٹ ورک بے نقاب

ایف آئی اے لاہور زون نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ایک منظم نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

لاہور۔30اپریل (اے پی پی):ایف آئی اے لاہور زون نے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ایک منظم نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان کے مطابق ایف آئی اے کی ٹیم نے چھاپہ مار کے دہلی گیٹ سے وسیم محمود آفریدی، عبد الوہاب، ادریس خان، اسحاق اور زبیر کو گرفتار کیا، جبکہ نیٹ ورک کے سرغنہ وسیم محمود آفریدی کو پارک ویو سٹی سے حراست میں لیا گیا۔ ملزمان حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج کے کاروبار میں ملوث تھے۔ ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر1 کروڑ12 لاکھ روپے سے زائد پاکستانی کرنسی برآمد کی گئی۔ مزید برآں ملزمان سے موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی و غیر قانونی کرنسی ایکسچینج سے متعلق اہم شواہد بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔ ایف آئی اے نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔