ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز میں خواتین کے عالمی دن پر پروقار تقریب، خاتون افسران کی خدمات کا اعتراف

اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ہیڈ کوارٹرز میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایف آئی اے کے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والی خاتون افسران کی لگن اور گرانقدر شراکت کا اعتراف کیا گیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اختتامی …

اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے ہیڈ کوارٹرز میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ایف آئی اے کے مختلف شعبوں میں خدمات انجام دینے والی خاتون افسران کی لگن اور گرانقدر شراکت کا اعتراف کیا گیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر عثمان انور نے ادارے میں خاتون افسران کے کردار کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ خواتین نہ صرف اہم تحقیقات کی قیادت کر رہی ہیں بلکہ کلیدی قائدانہ عہدوں پر بھی فائز ہیں۔

انہوں نے خاتون افسران کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت، مالیاتی جرائم کی تحقیقات، انسانی اسمگلنگ کے خاتمے اور انصاف کی فراہمی میں آپ کی مستعدی نہ صرف ایف آئی اے کو مضبوط بناتی ہے بلکہ ہمارے معاشرتی ڈھانچے کو بھی استحکام بخشتی ہے۔ ڈی جی ایف آئی اے نے کہا کہ آپ کی خدمات نہ صرف اس تنظیم کا لازمی حصہ ہیں بلکہ ان تمام آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ بھی ہیں جو عزت، دیانت اور لگن کے ساتھ ملک کی خدمت کرنے کی خواہش رکھتی ہیں۔ انہوں نے ادارے میں خاتون افسران کو مزید مواقع فراہم کرنے اور ان کی پیشہ ورانہ ترقی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

تقریب کے اختتام پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی خاتون افسران میں ان کی غیر معمولی خدمات کے اعتراف میں اعزازی شیلڈز تقسیم کی گئیں۔