ایف بی آر کی ٹیکس آسان ایپ سے ٹیکس دہندگان کو سہولت ملے گی، ڈپٹی کمشنر اقراء شوکت
ایف بی آر کی ٹیکس آسان ایپ سے ٹیکس دہندگان کو سہولت ملے گی، ڈپٹی کمشنر اقراء شوکت

مزید خبریں
اسلام آباد۔14ستمبر (اے پی پی):ایف بی آر کی ڈپٹی کمشنر اقراء شوکت نے کہا ہے کہ ٹیکس دہندگان کی سہولت کے لئے ٹیکس آسان ایپ متعارف کرائی گئی ہے جس کے ذریعے شہری اور تاجر اپنا ڈیٹا خود آسانی سے درج اور اپ ڈیٹ کر سکتے ہیں۔ ٹیکس سے متعلق آگاہی اور سہولیات کے حوالے سے پیر کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقدہ نشست میں سیکرٹری نیشنل پریس کلب ڈاکٹر فرقان راؤ سمیت صحافیوں کی ری تعداد نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر اقراء شوکت نے کہا کہ ٹیکس آسان ایپ کا مقصد ٹیکس دہندگان کے لئے ٹیکس سے متعلق امور کو مزید آسان اور سہل بنانا ہے، اگر کوئی شخص تاجر یا کسی دوسرے شعبے سے وابستہ ہے تو وہ ایپ کے ذریعے اپنا ڈیٹا آسانی سے اپڈیٹ کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فائلرز اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے متعلقہ ٹیکس ریکارڈ اور دستاویزات کو بھی منظم انداز میں استعمال کرسکتے ہیں۔اقراء شوکت نے کہا کہ ٹیکس آسان ایپ سے فائدہ اٹھانے کے لئے شہریوں کو اپنا ڈیٹا فراہم کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی ٹیکس دہندہ کو کوئی مسئلہ درپیش ہو یا کسی اہلکار کی جانب سے غیر قانونی مطالبہ کیا جائے تو خاموش رہنے کے بجائے متعلقہ فورم پر شکایت درج کرانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لئے شہریوں کا تعاون بھی ضروری ہے کیونکہ اگر کوئی اہلکار غیر قانونی طور پر رقم کا مطالبہ کرتا ہے تو متاثرہ شخص کو متعلقہ شکایتی نمبر پر اطلاع دینی چاہئے تاکہ کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف مؤثر کارروائی کے لئے شکایت کا نظام استعمال کرنا ہوگا۔ڈپٹی کمشنر اقراء شوکت نے شرکاء کے مختلف سوالات کے جوابات بھی دئیے اور ٹیکس آسان ایپ کے استعمال، ڈیٹا کے اندراج، فائلنگ اور شکایات کے طریقہ کار کے حوالے سے آگاہ کیا۔اس موقع پر صدر نیشنل پریس کلب عبدالرزاق سیال اور سیکرٹری ڈاکٹر فرقان راؤ نے ایف بی آر حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عام طور پر ایف بی آر کا نام سنتے ہی لوگوں میں خوف پیدا ہوجاتا ہے تاہم انہیں ذاتی طور پر ایف بی آر سے نقصان کے بجائے فائدہ ہی ہوا ہے۔ پہلے ٹیکس ریٹرن یا دیگر معاملات کے لئے لوگ وکیل تلاش کرتے تھے کہ ان کا کیس کون فائل کرے گا لیکن اگر ٹیکس کا عمل آسان بنایا جا رہا ہے تو یہ خوش آئند اقدام ہے۔








