اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کے پوائنٹ آف سیل نظام کے دائرہ کارمیں بتدریج وسعت آرہی ہے اور وفاقی دارلحکومت کے 248 ہوٹلز اورکیفے منسلک ہوچکے ہیں، پی اوایس کے تحت انعامی سکیم کی پہلی قرعہ اندازی 15 جنوری کی ہوگی ۔ ایف بی آر کے زرائع نے اے پی پی کوبتایاکہ پوائنٹ آف سیل نظام کے دائرہ کارمیں توسیع کا سلسلہ جاری ہے اوراب تک …
ایف بی آر کے پی اوایس نظام میں توسیع کا سلسلہ جاری، انعامی سکیم کی پہلی قرعہ اندازی 15 جنوری کوہوگی

مزید خبریں
اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر)کے پوائنٹ آف سیل نظام کے دائرہ کارمیں بتدریج وسعت آرہی ہے اور وفاقی دارلحکومت کے 248 ہوٹلز اورکیفے منسلک ہوچکے ہیں، پی اوایس کے تحت انعامی سکیم کی پہلی قرعہ اندازی 15 جنوری کی ہوگی ۔
ایف بی آر کے زرائع نے اے پی پی کوبتایاکہ پوائنٹ آف سیل نظام کے دائرہ کارمیں توسیع کا سلسلہ جاری ہے اوراب تک 12 ہزارسے زائدکاروبار اس نظام سے منسلک ہوچکے ہیں۔ نظام کے تحت ریٹیل سٹورز پرخریداری کرتے وقت ہی رسید کی کاپی خود کارنظام کے تحت ایف بی آر کے نظام کا حصہ بن جاتی ہے۔ اس نظام سے متعلقہ شکایات کا ازالہ بھی کیا جارہا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق اس نظام کا دائرہ کار بتدریج پورے ملک تک پھیلایا جارہاہے۔وفاقی دارالحکومت کے 248 ہوٹلز اورکیفے اب تک اس نظام سے منسلک ہوچکے ہیں۔ ایف بی آرنے ری ٹیلرز کی جانب سے صارفین سے وصول کردہ سیلزٹیکس کو ایف بی آرتک پہنچانے میں شفافیت لانے کے ضمن میں اس نظام کااجراکیا ہے اورملک کے بڑے شہروں میں ٹئیرون میں شامل ریٹیل سٹورز کو اس نظام سے بتدریج منسلک کیا جارہاہے، اس سے یہ امر بھی یقینی ہو گا کہ پوائنٹ آف سیل پر صارفین سے وصول کیا گیا ٹیکس سرکاری خزانے میں جمع ہو۔
ایف بی آر نے اس نظام کی ترویج اورشہریوں میں سیلز ٹیکس سے متعلق آگہی کیلئے انعامی سکیم کا اعلان بھی کیا ہے۔انعامی سکیم میں صارفین میں کروڑوں روپے مالیت کے ہزاروں انعامات کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے تقسیم کیے جائیں گے۔ سکیم فنانس ایکٹ 2021 کے تحت متعارف کرائی گئی ہے جس کی پیروی میں ایف بی آر نے 9 اگست 2021 کو انعامی اسکیم کیلئے قواعد کا اجراءکیا ۔
انعامی اسکیم کیلئے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی ہر ماہ کی 15 تاریخ کو ہوگی اور پہلی قرعہ اندازی 15 جنوری 2022 کو ایف بی آر (ہیڈ کوارٹرز )اسلام آباد میں ہوگی۔ سکیم کے تحت پہلا انعام 10 لاکھ روپے ، 5 لاکھ روپے کے دو، ڈھائی لاکھ روپے کے چار انعامات جبکہ 50 ہزار روپے کے ایک ہزار انعامات دیے جائیں گے۔
اس طرح کل انعامی رقم 5 کروڑ 30 لاکھ ہر ماہ 1007 قرعہ اندازی کے بعد جیتنے والے صارفین کودی جائے گی۔ انعامی اسکیم کا مقصد سیلز کی ریئل ٹائم مانیٹرنگ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ شفافیت اور ریونیو چوری کے تدارک کو یقینی بنانا ہے۔
صارفین ایف بی آر کی ٹیکس آسان موبائل ایپ کے ذریعے خریداری کی رسید کی تصدیق کر کے یا انوائس نمبر 9966 پر ایس ایم ایس کر کے قرعہ اندازی میں حصہ لے سکتے ہیں۔ ایف بی آر نے اس سلسلےمیں عوام کی آگاہی کے لیے ملک بھر میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا مہم کا آغاز کیا ہے۔








