ایف پی سی سی آئی کے زیر اہتمام پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی پروقار تقریب
ایف پی سی سی آئی کے زیر اہتمام پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کی تقریب کا انعقاد

مزید خبریں
لاہور۔8جولائی (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عاطف اکرام شیخ نے کہاکہ پاکستان اور چین کے تعلقات دنیا کی مضبوط ترین، دیرپا اور مثالی اسٹریٹجک شراکت داریوں میں شمار ہوتے ہیں، جو باہمی اعتماد، غیر متزلزل حمایت اور مشترکہ خوشحالی کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں۔ایف پی سی سی آئی کی جانب سے پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر ایک پروقار تقریب ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس لاہور میں منعقد کی گی۔ تقریب میں لاہور میں چینی کونسل جنرل سن یان، ایف پی سی سی آئی ریجنل چیئرمین و نائب صدر ذکی اعجاز، صوبائی وزیر خزانہ مجتبی شجاع الرحمن،صوبائی وزیر تجارت چوہدری شافع حسین، حکومتی نمائندگان، صنعتکاروں، اور تاجروں کی بڑی تعداد شریک ہوئی ۔ جہاںپا کستان اور چین کے درمیان دیرینہ دوستی اور مضبوط تعلقات کا جشن منایا گیا۔ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین و نائب صدر ذکی اعجاز نے تقریب سے خطاب میں کہاکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور صدر عوامی جمہوریہ چین شی جن پنگ کی قیادت میں دونوں ممالک کے تعلقات سی پیک 2.0کے ذریعے اقتصادی تعاون کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اس نئے مرحلے میں صنعتی تعاون، خصوصی اقتصادی زونز، جدید مینوفیکچرنگ، انفارمیشن ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، قابلِ تجدید توانائی، زراعت، صحت، لاجسٹکس، سیاحت اور نوجوانوں کی کاروباری صلاحیتوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔چینی کونسل جنرل سن یان نے کہاکہ پاکستان اور چین مشترکہ طور پرسی پیک 2.0 کے تحت تعاون کے ایک نئے اور ترقی یافتہ مرحلے کی جانب گامزن ہیں، جس میں صنعت، زراعت اور کان کنی جیسے اہم شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چینی زبان میں مہارت رکھنے والا افرادی سرمایہ پاکستان اور چین کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کی مکمل صلاحیت سے بھرپور استفادہ کرنے کے لیے نہایت اہم کردار ادا کرے گا۔سی پیک کی بدولت پہلے بھی روزگار کے بے شمار مواقع پیدا ہوئے ہیں اور مزید روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔








