ایل پی جی کی قیمت میں نمایاں کمی، شہریوں، ہوٹل مالکان اور تندور چلانے والوں کا خیرمقدم

حکومت کی جانب سے جولائی کے لیے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت میں نمایاں کمی کے اعلان کو شہریوں، ہوٹل مالکان اور تندور چلانے والوں نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے

راولپنڈی۔ 01 جولائی (اے پی پی):حکومت کی جانب سے جولائی کے لیے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کی قیمت میں نمایاں کمی کے اعلان کو شہریوں، ہوٹل مالکان اور تندور چلانے والوں نے خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں بھی سرکاری نرخوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں 67 روپے 33 پیسے فی کلوگرام کمی کے بعد نئی سرکاری قیمت 241 روپے 43 پیسے فی کلوگرام مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ 11.8 کلوگرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 794 روپے کمی کے بعد اس کی نئی قیمت 2 ہزار 848 روپے 91 پیسے ہو گئی ہے۔صدر کے ایک ریسٹورنٹ مالک نے بتایا کہ ایل پی جی کی قیمت میں کمی سے فوڈ سیکٹر کو بڑا ریلیف ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے کاروباری اخراجات میں اضافہ ہو گیا تھا، تاہم نئی کمی سے نہ صرف اخراجات کم ہوں گے بلکہ کھانوں کی قیمتیں بھی مستحکم رکھنے میں مدد ملے گی۔

ایک مقامی تندور مالک نے کہا کہ گیس لوڈشیڈنگ والے علاقوں میں تجارتی تندور زیادہ تر ایل پی جی سلنڈروں پر انحصار کرتے ہیں، اس لیے ایک سلنڈر کی قیمت میں 794 روپے کی کمی سے روزانہ کے اخراجات میں واضح کمی آئے گی۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مصنوعی قلت اور منافع خوری کی روک تھام بھی یقینی بنائی جائے۔شہریوں نے قیمتوں میں کمی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اکثر اوپن مارکیٹ میں اوگرا کے مقررہ نرخوں سے زیادہ قیمت وصول کی جاتی ہے، لہٰذا ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو مؤثر کارروائی کرنی چاہیے تاکہ صارفین تک اس ریلیف کے ثمرات پہنچ سکیں۔کاروباری حلقوں کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں کمی سے گھریلو صارفین کے ساتھ ساتھ ہوٹلنگ کے شعبے کو بھی فوری مالی ریلیف ملے گا، جس کے نتیجے میں بعض اشیائے خور و نوش کی قیمتوں میں استحکام آنے کی توقع ہے۔

 

مزید خبریں