رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن نے ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر معروف کاروباری و سماجی شخصیت چراغ کلمتی
ایم پی اے گوادرمولانا ہدایت الرحمٰن کی ڈائریکٹرجنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان سے ملاقات

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 06 جولائی (اے پی پی):رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن نے ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی معین الرحمٰن خان کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر معروف کاروباری و سماجی شخصیت چراغ کلمتی، وائس چیئرمین گبد کلاتو عبدالمجید مجید کلمتی اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ملاقات کے دوران گوادر کی مجموعی ترقی، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل سمیت مختلف اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
خصوصی طور پر فشرمین کالونی کی سرکاری اراضی سے متعلق صورتحال زیر بحث آئی۔ڈائریکٹر جنرل جی ڈی اے معین الرحمٰن خان نے ایم پی اے گوادر کو آگاہ کیا کہ گزشتہ روز جی ڈی اے کی ٹیم جب فشرمین کالونی میں اراضی کی حد بندی (ڈیمارکیشن) کے لیے موقع پر پہنچی تو اسے قابضین کی جانب سے مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔اس پر ایم پی اے مولانا ہدایت الرحمٰن نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماہیگیروں کی زمینوں پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور قانون کی بالادستی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تمام متعلقہ ادارے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرتے ہوئے فشرمین کالونی کی اراضی کو ناجائز قابضین سے واگزار کرائیں۔ملاقات میں دونوں شخصیات نے اس بات پر اتفاق کیا کہ فشرمین کالونی کی سرکاری زمین ہر حال میں قبضہ مافیا سے واگزار کرائی جائے گی اور اس ضمن میں قانونی کارروائی کو مزید مؤثر بنایا جائے گا۔ملاقات کے دوران گوادر میں جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں، شہری سہولیات کی بہتری اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ گوادر کی ترقی، سرکاری املاک کے تحفظ اور عوامی مفادات کے لیے باہمی تعاون اور مربوط اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔








