ایم کیو ایم کے قومی اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر فاروق ستار کا سانحہ کراچی کو قومی سانحہ قرار دینے کا مطالبہ

اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قومی اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر فاروق ستار نے سانحہ کراچی کو قومی سانحہ قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گل پلازہ میں اب بھی 80افراد لاپتہ،40معصوم شہری جان کی بازی بار چکے ہیں،گورنر سندھ کامران ٹیسوری پور ی رات گل پلازہ کے باہر رہے، انہی کی کاوشوں سے ایک حصے میں نیوی کی مدد سے …

اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قومی اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر فاروق ستار نے سانحہ کراچی کو قومی سانحہ قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گل پلازہ میں اب بھی 80افراد لاپتہ،40معصوم شہری جان کی بازی بار چکے ہیں،گورنر سندھ کامران ٹیسوری پور ی رات گل پلازہ کے باہر رہے، انہی کی کاوشوں سے ایک حصے میں نیوی کی مدد سے آگے پر قابو پایا گیا اور 20لوگ بحفاظت باہر نکل پائے، ایم کیو ایم نے کراچی بچاؤ مہم کا آغاز کر دیا ہے،ہم سب کو مل کر کراچی کو ان واقعات اور حادثات سے بچانا ہوگا،یہ تشویشنا ک بات ہے کہ 100فائربریگیڈز میں سے 10سے 15 ہی ایسے ہیں جو چل رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ نیو یارک میں 400جبکہ ترقی یافتہ ممالک کے بڑے شہروں میں 300سے زائد امدادی اداروں کے سٹیشنز ہیں او راس کے مقابلے میں کراچی میں 25فائر سٹیشنز ہیں۔انہوں نے کہاکہ اس وقت بھی کراچی میں 275تجارتی مراکز سیفٹی معیار پر پورے نہیں اترتے۔ قومی اسمبلی میں سانحہ کراچی پر بحث کا آغازکرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کہ 75سالوں سے کراچی قومی خزانے میں 65اور صوبائی خزانے میں 95فیصد تک کا ریونیو دے رہا ہے لیکن کراچی میں اس تناسب سے سرمایہ کاری نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہاکہ کراچی کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کے لئے کے فور کا منصوبہ چودہ سال سے جاگیرداروں کے قبضے میں رہنے کے بعد ہم نے ہی واگزار کرایا،جلد کراچی کے شہریوں کو اس منصوبے سے پینے کا صاف پانی مل سکے گا۔ انہوں نے فائر فائٹر فرقان کو گل پلازہ کے اندر پھنسے ہوئے لوگوں کو نکالنے کے لئےعقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اپیل کی کہ گل پلازہ کی تعمیر نو، نقصانات کے ازالے کے لئے کراچی چمبر اور تاجر تنظیموں کو سٹیک ہولڈرز کے طور پر ساتھ لے کر چلاجائے ۔