اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان کی کارروائی، سیکرٹری یونین کونسل اور نائب قاصد 10 ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار

اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان ریجن نے کارروائی کرتے ہوئے سیکرٹری یونین کونسل گدائی محمد اقبال لغاری اور نائب قاصد محمد ظفر کو مبینہ طور پر 10 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا

ڈیرہ غازی خان ۔ 15 اکتوبر (اے پی پی):اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان ریجن نے کارروائی کرتے ہوئے سیکرٹری یونین کونسل گدائی محمد اقبال لغاری اور نائب قاصد محمد ظفر کو مبینہ طور پر 10 ہزار روپے رشوت وصول کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔

فوکل پرسن اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان ریجن شمشیر خان گورمانی کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سرکل آفیسر ہیڈکوارٹر شہزاد گل نے مجسٹریٹ سیکشن 30 ضلع ڈیرہ غازی خان جواد ظفر کی نگرانی میں کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو مدعی سے رشوت کی رقم وصول کرنے کے دوران گرفتار کیا۔

کارروائی میں نشان زدہ نوٹ برآمد کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے مدعی سے پیدائش کے اندراج کے سلسلے میں 10 ہزار روپے رشوت وصول کی۔ واقعے کا مقدمہ نمبر 49/26 تھانہ اینٹی کرپشن ہیڈکوارٹر ڈیرہ غازی خان ریجن میں درج کر لیا گیا ہے جبکہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے۔