اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان نے پہلی مرتبہ سول سروسز اکیڈمی (سی ایس اے) لاہور کے تعاون سے اپنے افسران کی استعداد کار بڑھانے کے لئے تربیتی سلسلے کو کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ اس منفرد اشتراک کے تحت ایچ ای سی کے مختلف دفاتر سے تعلق رکھنے والے تقریباً 100 افسران جن میں ڈائریکٹر جنرلز، ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز شامل …
این اے ایچ ای اور سول سروسز اکیڈمی کے اشتراک سے ایچ ای سی کے 100 افسران کی تربیت مکمل

مزید خبریں
اسلام آباد۔13نومبر (اے پی پی):اعلیٰ تعلیمی کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان نے پہلی مرتبہ سول سروسز اکیڈمی (سی ایس اے) لاہور کے تعاون سے اپنے افسران کی استعداد کار بڑھانے کے لئے تربیتی سلسلے کو کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔
اس منفرد اشتراک کے تحت ایچ ای سی کے مختلف دفاتر سے تعلق رکھنے والے تقریباً 100 افسران جن میں ڈائریکٹر جنرلز، ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز شامل تھے، کو پانچ مختلف گروپس میں تربیت فراہم کی گئی۔ یہ اقدام اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں گورننس، قیادت اور ادارہ جاتی کارکردگی کو بہتر بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ پروگرام نیشنل اکیڈمی آف ہائر ایجوکیشن (این اے ایچ ای) کی منیجنگ ڈائریکٹر ڈاکٹر نور آمنہ ملک کے وژن کے تحت ترتیب دیا گیا جبکہ اس کی منصوبہ بندی ڈپٹی ڈائریکٹر سعدیہ بخاری نے کی۔ پروگرام کا مقصد ایچ ای سی کے افسران کی صلاحیتوں کو جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنا اور پالیسی، اختراع اور گورننس کے میدان میں ان کی استعداد کار کو بڑھانا تھا۔ تربیتی ماڈیولز میں گورننس ایکسی لینس، اخلاقی قیادت، سٹرٹیجک اور فنانشل مینجمنٹ، پالیسی سازی، منصوبہ بندی، مؤثر ابلاغ، جذباتی ذہانت، تناؤ کے نظم و نسق اور پیشہ وارانہ اخلاقیات جیسے موضوعات شامل تھے۔ یہ تربیت ’’کلاس روم اینڈ بیونڈ‘‘ کے تصور کے تحت دی گئی جس میں روایتی کلاس لیکچرز کے ساتھ ساتھ کیس سٹڈی، مباحثے اور تجرباتی سیکھنے کے طریقے استعمال کئے گئے۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ایچ ای سی ندیم محبوب نے این اے ایچ ای کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ سی ایس اے کے ساتھ اشتراک ایک تاریخی قدم ہے جو ایچ ای سی کے ادارہ جاتی استحکام اور انسانی وسائل کی ترقی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تربیتی پروگرامز اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں گورننس اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لئے ناگزیر ہیں۔ڈائریکٹر این اے ایچ ای ڈاکٹر منیر احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ این اے ایچ ای اور سی ایس اے کا اشتراک قومی استعداد کار میں اضافے کے لئے ادارہ جاتی تعاون کی ایک بہترین مثال ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ ایچ ای سی نے اپنے ملازمین کی تربیت کے لئے کسی قومی تربیتی ادارے سے شراکت کی ہے جو پیشہ وارانہ ترقی کے نئے دروازے کھولے گا۔ یہ بھی قابل ذکر ہے کہ ایچ ای سی اور سی ایس اے کے درمیان مستقبل قریب میں مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کئے جائیں گے تاکہ اس اشتراک کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔ آئندہ تعاون میں افسران کی تربیت کے تسلسل، اختراعی سیکھنے کے فروغ اور پیشہ وارانہ ترقی کی ثقافت کو فروغ دینے پر توجہ دی جائے گی۔








