این ڈی ایم اے کا ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور ژالہ باری کا الرٹ جاری

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا۔

اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے)کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کر دیا۔منگل کو این ڈی ایم اے سے جاری بیان کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال این ای او سی کی جانب سے جنوری میں جاری کردہ متوقع موسمی جائزہ کے عین مطابق ہے۔این ای او سی کی جانب سے ماہ اپریل تا جون کی ممکنہ موسمی صورتحال کا جائزہ بھی جاری کیا جا رہاہے۔ 17 اور 18 اپریل کے دوران شمالی علاقہ جات سمیت پنجاب،مغربی خیبرپختونخوا اور شمالی بلوچستان میں آندھی، گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔شمالی علاقہ جات بشمول سست، گلگت، سکردو، چترال، کالام، دیر، بٹگرام، بالاکوٹ، مظفرآباد، راولاکوٹ، کوٹلی اور گردونواح میں موسلادھار بارش متوقع ہے۔

خیبرپختونخوا میں سوات، شانگلہ، بونیر، مردان، لوئر و اپر دیر، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع بشمول راولپنڈی، مری، اٹک، چکوال، جہلم، میانوالی اور گردونواح میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بلوچستان میں ژوب، قلعہ سیف اللہ، لورالائی، بارکھان، کوہلو، پشین، زیارت، کوئٹہ، قلات اور گرد و نواح میں بھی آندھی، جھکڑ کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ شدید بارشوں سے پہاڑی علاقوں میں مقامی سیلابی صورتحال اور شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

مختلف علاقوں میں آندھی جھکڑ اور بارش کے ساتھ ساتھ ژالہ باری کا بھی امکان ہے،تیز ہوائیں، آسمانی بجلی اور ژالہ باری کمزور تعمیرات، درختوں، کھڑی فصلوں، گاڑیوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچا سکتی ہیں،پہاڑی علاقو ں میں مسلسل بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں بھی اضافے کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے کہاکہ شہری غیر ضروری سفر سے گریز کریں، گاڑی احتیاط سے چلائیں اور موسمی ہدایات پر عمل کریں ،سیاح اور مسافر شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں،عوام این ڈی ایم اے کی آفیشل ایپ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ‘‘ سے بروقت معلومات حاصل کریں۔ این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی۔