این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر میں سیکٹورل کلسٹرائزیشن کے موضوع پر اعلیٰ سطحی کوآرڈینیشن کانفرنس کا انعقاد

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے سال 2026 کے دوران ممکنہ آفات اور خطرات سے نمٹنے کے لئے پیشگی قومی منصوبہ بندی کے تحت اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر آفس کے تعاون سے متعلقہ اداروں اور فلاحی تنظیموں کے لئے ترجیحی اقدامات کا کیلنڈر جاری کر دیا ہے، اس اقدام کا مقصد منظم منصوبہ بندی، باہمی اشتراک اور بروقت ردعمل کے ذریعے قومی …

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے سال 2026 کے دوران ممکنہ آفات اور خطرات سے نمٹنے کے لئے پیشگی قومی منصوبہ بندی کے تحت اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر آفس کے تعاون سے متعلقہ اداروں اور فلاحی تنظیموں کے لئے ترجیحی اقدامات کا کیلنڈر جاری کر دیا ہے، اس اقدام کا مقصد منظم منصوبہ بندی، باہمی اشتراک اور بروقت ردعمل کے ذریعے قومی تیاری کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر میں سیکٹورل کلسٹرائزیشن کے موضوع پر ایک اعلیٰ سطحی کوآرڈینیشن کانفرنس منعقد ہوئی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک اور اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے کانفرنس کی مشترکہ صدارت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزارتوں، اقوام متحدہ کے اداروں، قومی و بین الاقوامی این جی اوز اور دیگر فلاحی تنظیموں نے شرکت کی۔

شرکاء نے آفات سے نمٹنے کے لئے مربوط تیاری اور مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا۔کانفرنس کے دوران شرکاء کو پاکستان ڈیزاسٹر لینس اور گلوبل ڈیزاسٹر لینس 2026 پر بریفنگ دی گئی۔ ان جائزوں میں خطرات کی تشخیص اور موسمی صورتحال کا تفصیلی تجزیہ شامل ہے۔ ان کی مدد سے دس ماہ پہلے تک ممکنہ خطرات کی پیشگوئی تقریباً 95 فیصد درستگی کے ساتھ کی جا سکتی ہے جو بروقت منصوبہ بندی اور فیصلہ سازی میں معاون ثابت ہوتی ہے۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے فلاحی اداروں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیکٹورل کلسٹر اپروچ ایک مربوط اور فعال نظام کی تشکیل میں مددگار ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ این ای او سی کی قیادت میں خطرات کی مسلسل نگرانی کی جاتی ہے اور عوامی تحفظ کے لئے بروقت الرٹس اور رہنما ہدایات جاری کی جاتی ہیں۔ ان کے مطابق پیشگی آگاہی اور تکنیکی بنیادوں پر استوار نظام ماحولیاتی موافقت اور خطرات میں کمی کے لئے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

این ڈی ایم اے نے عالمی سطح پر پیشگی آگاہی کو مضبوط بنانے کے لئے گلوبل ڈیزاسٹر ارلی وارننگز موبائل ایپلیکیشن بھی متعارف کرائی ہے جو سرحدوں سے ماورا معلومات تک رسائی فراہم کرے گی اور عالمی سطح پر ابتدائی انتباہی نظام کو تقویت دے گی۔ اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے آفات سے نمٹنے کی تیاری کو پالیسی کا لازمی حصہ قرار دیتے ہوئے این ڈی ایم اے کی قیادت کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ اشتراک پر مبنی طریقہ کار مختلف شعبوں کے درمیان تعاون اور معلومات کے مؤثر تبادلے کو فروغ دے گا۔این ڈی ایم اے نے بروقت ابتدائی انتباہات، مؤثر رابطہ کاری اور تمام شراکت داروں کے ساتھ فعال تعاون کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ ملک بھر میں آفات کے خطرات کو کم کیا جا سکے اور قیمتی جانوں، روزگار اور اہم تنصیبات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔