این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں قائم نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر میں ممکنہ خطرات وپیشگی اقدامات کے حوالے سے میڈیا بریفنگ کا انعقاد
این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں قائم نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر میں ممکنہ خطرات وپیشگی اقدامات کے حوالے سے میڈیا بریفنگ کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔4مئی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) ہیڈکوارٹرز میں قائم نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) میں ممکنہ خطرات وپیشگی اقدامات 2026 کے حوالے سے پیر کو میڈیا بریفنگ کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد پاکستان کی آفات سے نمٹنے کی تیاری، خطرات کے تجزیے کے نظام اور آفات سے متعلق ابلاغ میں میڈیا کے کردار کا جامع جائزہ پیش کرنا تھا۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے افتتاحی کلمات میں ابھرتے ہوئے موسمیاتی خطرات کے تناظر میں پیشگی تیاری، ٹیکنالوجی کے استعمال اور مربوط قومی ردعمل کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے شرکا کو 2026 کے خطرات کے منظرنامے سے بھی آگاہ کیا جس میں شدید گرمی کی لہریں، جنگلات میں آگ اور غیر متوقع شدید مون سون بارشیں شامل ہیں جبکہ شمالی علاقوں میں گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کا عمل بھی شامل ہے۔ این ڈی ایم اے کے قومی تیاری اور ردعمل کے فریم ورک بشمول ہنگامی منصوبہ بندی، مشقیں، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور وسائل کی تقسیم کے طریقہ کار پر بھی تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔
شرکا کواین ای او سی کے آپریشنل پورٹلز اور ریئل ٹائم مانیٹرنگ سسٹمز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس کے بعد ’’پاکستان ڈیزاسٹر لینس 2026‘‘ کے عنوان سے پریزنٹیشنز پیش کی گئیں جن میں پیشگی وارننگ سسٹم کی توثیق اور 2026 کے خطرات کے جائزے کی سالانہ پیش گوئیاں شامل تھیں۔ اجلاس میں گلوبل ڈیزاسٹر ارلی وارننگ ایپلیکیشن اور اس کے قومی ورژن ’’پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ‘‘ کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا جس کا مقصد بروقت انتباہ اور عوامی آگاہی کو بہتر بنانا ہے۔
اس موقع سےمیڈیا نمائندگان اور اہم شراکت داروں کو بامعنی گفتگو کا موقع ملا۔ اس موقع پراین ڈی ایم اے اور میڈیا کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے، ذمہ دارانہ رپورٹنگ، تصدیقی اصولوں اور ہنگامی حالات میں درست اور بروقت معلومات کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا گیا تاکہ غلط معلومات اور عوامی خوف و ہراس سے بچا جا سکے۔یہ اقدام این ڈی ایم اے کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ عوامی آگاہی کو فروغ دینے، میڈیا کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط بنانے اور پاکستان بھر میں آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔








