ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں مریضوں کو جدید، تیز رفتار اور شفاف طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران خان نے ٹی ایم اوز پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز اور ایس پی آرز کے ساتھ کے پی ریفرل پورٹل کے حوالہ سے اہم اجلاسوں منعقد ہوا۔
ایوب میڈیکل کمپلیکس میں مریضوں کی ریفرل سروس کو ہر صورت مکمل ڈیجیٹل بنانا ہے، میڈیکل ڈائریکٹر
ایبٹ آباد۔ 6 اگست (اے پی پی):ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں مریضوں کو جدید، تیز رفتار اور شفاف طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران خان نے ٹی ایم اوز پوسٹ گریجویٹ ٹرینیز اور ایس پی آرز کے ساتھ کے پی ریفرل پورٹل کے حوالہ سے اہم اجلاسوں منعقد ہوا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر آئی ٹی انجینئر شہریار علی بھی موجود تھے۔ ترجمان ایوب ٹیچنگ ہسپتال کے مطابق اس موقع پر میڈیکل ڈائریکٹر نے تمام ڈاکٹرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنے موبائل فونز میں کے پی ریفرل پورٹل کی موبائل ایپ فوری طور پر ڈاؤن لوڈ کریں تاکہ مریضوں کی ریفرل سروس کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور موثر بنایا جا سکے۔ ڈاکٹر عمران خان نے کہا کہ موبائل ایپ میں سامنے آنے والے تکنیکی مسائل اور ایررز کو جلد از جلد دور کر دیا جائے گا، اس دوران متبادل انتظام کے طور پر آئی ٹی ڈیپارٹمنٹ تمام ڈاکٹرز کی رجسٹریشن مکمل کرے گا تاکہ ریفرل سروس میں کسی قسم کی رکاوٹ پیش نہ آئے۔
انہوں نے واضح کیا کہ بیک اپ پلان کے تحت وارڈز میں فراہم کئے گئے رابطہ نمبرز کو ہر صورت فعال رکھا جائے اور تمام ڈاکٹرز اس نظام کو کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کریں تاکہ مریضوں اور ان کے لواحقین کو غیر ضروری مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ میڈیکل ڈائریکٹر نے اس بات پر زور دیا کہ ادارہ کی جانب سے فراہم کئے گئے سرکاری موبائل فونز ہر وقت فعال رہنے چاہئیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ روایتی رِٹن فائل سسٹم کو مرحلہ وار ختم کرتے ہوئے تمام ریفرل اور متعلقہ کارروائیاں مکمل طور پر آن لائن منتقل کی جائیں گی، اس نئے نظام کے تحت مریضوں کے اٹینڈنٹس کی براہِ راست شمولیت کی ضرورت نہیں رہے گی جس سے شفافیت، رفتار اور سہولت میں نمایاں اضافہ ہو گا۔
اجلاس کے دوران ریپڈ ایکسس رسپانس ٹیم کے طریقہ کار پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، مختلف وارڈز کے ڈاکٹرز کی موجودگی میں ٹیسٹ کالز کر کے موبائل سسٹم کی فعالیت کا عملی جائزہ لیا گیا تاکہ نئے نظام کے نفاذ سے قبل تمام تکنیکی امور کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈاکٹر عمران خان نے کہا کہ بورڈ آف گورنرز کے وژن کے مطابق ایوب ٹیچنگ ہسپتال میں جدید ٹیکنالوجی کے ذریعہ مریضوں اور ان کے اہل خانہ کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا ادارہ کی اولین ترجیح ہے، تمام ڈاکٹرز اور متعلقہ عملہ باہمی تعاون سے اس ڈیجیٹل ریفرل سسٹم کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔








