پولیس ملازمین ، ان کے اہلخانہ کے مسائل کا بروقت حل اولین ترجیح ہے،آئی جی پنجاب

انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے مسائل کا بروقت حل اور انہیں ہر ممکن ریلیف کی فراہمی پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

لاہور۔6اگست (اے پی پی):انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے کہا ہے کہ پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ کے مسائل کا بروقت حل اور انہیں ہر ممکن ریلیف کی فراہمی پنجاب پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں پولیس ملازمین اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کے دوران گفتگو میں کیا۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ان کے مسائل سنے اور فوری ریلیف کے لیے متعلقہ افسران کو ضروری احکامات جاری کیے۔ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے سب انسپکٹر ریاض احمد شاہد کی پروموشن سے متعلق درخواست پر ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ ون کو معاملہ زیر غور لانے کی ہدایت کی۔مرحوم کانسٹیبل امان اللہ کی بیوہ کی قانونی کارروائی سے متعلق درخواست پر ڈی پی او نارووال کو ضروری کارروائی کرنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ مرحوم کانسٹیبل خالد پرویز کی بیوہ کی جانب سے شوہر کو شہید قرار دینے کی درخواست پر ڈی پی او ساہیوال کو ریلیف فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔اسی طرح سب انسپکٹر نوید اختر کی پروموشن سے متعلق درخواست پر ایڈیشنل آئی جی پنجاب کو معاملہ زیر غور لانے کی ہدایت کی گئی۔ترجمان کے مطابق آئی جی پنجاب نے ڈسپلن، انتظامی امور، پروموشن اور ویلفیئر سے متعلق دیگر درخواستوں پر بھی متعلقہ افسران کو ضروری احکامات جاری کیے۔