ایچ ای سی نے سائبر سکیورٹی کے نئے نصاب کی منظوری دے دی

اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان نے سائبر سکیورٹی کے شعبے میں صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ نئے نصاب کا اعلان کر دیا ہے جس کا اطلاق 2026 سے کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق بی ایس، ایم ایس اور ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز کے لئے تیار کردہ اس نئے نصاب کو ایچ ای سی انڈرگریجویٹ ایجوکیشن پالیسی 2023 کے مطابق تشکیل دیا گیا ہے۔ …

اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) پاکستان نے سائبر سکیورٹی کے شعبے میں صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ نئے نصاب کا اعلان کر دیا ہے جس کا اطلاق 2026 سے کیا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق بی ایس، ایم ایس اور ایسوسی ایٹ ڈگری پروگرامز کے لئے تیار کردہ اس نئے نصاب کو ایچ ای سی انڈرگریجویٹ ایجوکیشن پالیسی 2023 کے مطابق تشکیل دیا گیا ہے۔ نصاب میں عملی مہارتوں، ہینڈز آن ٹریننگ، انٹرن شپس اور انڈسٹری سے تسلیم شدہ سرٹیفکیشنز پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ طلبہ کو حقیقی دنیا میں درپیش سائبر سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بنایا جا سکے۔

ایچ ای سی کے مطابق نصاب کی تیاری میں ماہرین تعلیم، صنعت سے وابستہ ماہرین اور متعلقہ ایکریڈیٹیشن اداروں سے مشاورت کی گئی۔ اس میں مختلف سپیشلائزیشنز کی بھی سفارش کی گئی ہے جن میں نیٹ ورک اینڈ انفراسٹرکچر سکیورٹی، کرپٹوگرافی، ڈیجیٹل فارنزکس اینڈ انسیڈنٹ رسپانس، انٹرنیٹ آف تھنگز اور ایمبیڈڈ سسٹمز سیکیورٹی، اور گورننس، رسک اینڈ کمپلائنس شامل ہیں۔نصاب میں تحقیق، جدت اور اخلاقی ذمہ داریوں پر بھی خاص زور دیا گیا ہے۔ اعلیٰ تعلیمی اداروں کو اجازت دی گئی ہے کہ وہ دستیاب فیکلٹی، انفراسٹرکچر اور وسائل کے مطابق مزید اسپیشلائزیشنز متعارف کرا سکتے ہیں تاہم اس کے لئے متعلقہ اداروں کی منظوری درکار ہوگی۔

ایچ ای سی نے یہ نصاب تمام جامعات کے ساتھ شیئر کر دیا ہے جبکہ یہ کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہے۔ نیشنل کریکولم ریویو کمیٹی برائے سائبر سکیورٹی کے اجلاس کی صدارت ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر امجد حسین نے کی۔