ہایئر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) یونیورسٹی کنسورشیم کے تحت پاکستان کی جامعات میں زیر تعلیم ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی سکالرز کے لیے چین میں چھ ماہ کی تحقیقی فیلوشپ کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں
ایچ ای سی کی چین میں چھ ماہ کی تحقیقی فیلوشپ کے لیے درخواستیں طلب

مزید خبریں
اسلام آباد۔27جولائی (اے پی پی):ہایئر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) یونیورسٹی کنسورشیم کے تحت پاکستان کی جامعات میں زیر تعلیم ایم ایس، ایم فل اور پی ایچ ڈی سکالرز کے لیے چین میں چھ ماہ کی تحقیقی فیلوشپ کے لیے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔ ایچ ای سی کے مطابق اس پروگرام کا مقصد پاکستانی اور چینی جامعات کے درمیان تعلیمی و تحقیقی تعاون کو فروغ دینا، مشترکہ تحقیق کو وسعت دینا اور قومی ترجیحی شعبوں میں جدید تحقیق کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ اعلان کے مطابق درخواست گزار کا پاکستانی یا آزاد کشمیر کا شہری ہونا ضروری ہے۔ امیدوار کسی تسلیم شدہ پاکستانی جامعہ میں کل وقتی ایم ایس، ایم فل یا پی ایچ ڈی پروگرام میں داخل ہو اور انتخاب کے وقت بھی اسی پروگرام میں زیر تعلیم ہو۔ مجوزہ تحقیقی منصوبہ چین میں زیادہ سے زیادہ چھ ماہ کے عرصے میں مکمل ہونے کے قابل ہو اور اس کا براہ راست تعلق امیدوار کے تحقیقی موضوع سے ہو۔ اس کے علاوہ چین کی میزبان جامعہ، تحقیقی ادارے یا تجربہ گاہ کی جانب سے باضابطہ دعوت نامہ یا قبولیت نامہ بھی لازمی ہوگا، جبکہ میزبان جامعہ کا سی پیک یونیورسٹی کنسورشیم کا رکن ہونا ضروری ہے۔ پی ایچ ڈی امیدواروں کے لیے کورس ورک کی تکمیل، کم از کم 18 ماہ کی رجسٹریشن اور منظور شدہ تحقیقی موضوع و خلاصہ لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ ایم ایس اور ایم فل امیدواروں کے لیے کم از کم 18 کریڈٹ آورز مکمل کرنا اور تھیسز یا تحقیقی مرحلے میں داخل ہونا ضروری ہے۔ یہ پروگرام مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ، سائبر سکیورٹی، روبوٹکس، پانی، ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی، گرین ٹیکنالوجی، جدید صنعت، معدنیات، زراعت، غذائی تحفظ، حیاتیاتی ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے، ٹرانسپورٹ، صحت عامہ، حیاتیاتی علوم، معاشیات، تجارت، سی پیک سٹڈیز اور دیگر قومی اہمیت کے شعبوں پر مشتمل ہے۔ ایچ ای سی نے خواہشمند امیدواروں کو ہدایت کی کہ وہ آن لائن درخواست مقررہ دستاویزات کے ساتھ جمع کرائیں۔ درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 14 اگست 2026 مقرر کی گئی ہے۔ تفصیلات اور درخواست فارم ایچ ای سی کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔








