ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں مرحلے کے آخری مقابلوں کے لیے لاہور کا قذافی اسٹیڈیم ایک بار پھر کرکٹ کے شائقین سے آباد ہو گیا ہے جہاں بقیہ تین اہم مقابلوں کے لیے جوش و خروش عروج پر پہنچ چکا ہے
ایچ بی ایل پی ایس ایل کے گیارہویں مرحلے کے آخری مقابلوں کیلئے قذافی سٹیڈیم ایک بار پھر کرکٹ کے شائقین سے آباد ہو گیا

مزید خبریں
لاہور۔29اپریل (اے پی پی):ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں مرحلے کے آخری مقابلوں کے لیے لاہور کا قذافی اسٹیڈیم ایک بار پھر کرکٹ کے شائقین سے آباد ہو گیا ہے جہاں بقیہ تین اہم مقابلوں کے لیے جوش و خروش عروج پر پہنچ چکا ہے۔ ٹورنامنٹ کے اس مرحلے کا آغاز آج پہلے اخراجی مقابلے سے ہوگا جس میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ مقابلہ دونوں ٹیموں کے لیے فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے کیونکہ شکست کھانے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہو جائے گی۔آج کے میچ کی ایک خاص بات یہ بھی ہے کہ قذافی اسٹیڈیم میں اس مرحلے کے دوران پہلی مرتبہ شائقین کو اسٹیڈیم آ کر میچ دیکھنے کا موقع مل رہا ہے، جس کے باعث شہر میں کرکٹ کا ماحول مزید گرم ہو گیا ہے اور شائقین کی بڑی تعداد اپنی پسندیدہ ٹیموں کی حوصلہ افزائی کے لیے پرجوش دکھائی دے رہی ہے۔بقیہ تینوں مقابلوں کے ٹکٹس کی فروخت بھی زور و شور سے جاری ہے، جس کے لیے لاہور میں ٹی سی ایس کے 18مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں سے شائقین ٹکٹس حاصل کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹی سی ایس مرکز لبرٹی میں خصوصی باکس آفس بھی قائم کر دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو ٹکٹس کے حصول میں مزید سہولت فراہم کی جاسکے۔ انتظامیہ کے مطابق شائقین کی سہولت اور سکیورٹی کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں جبکہ اسٹیڈیم میں داخلے کے دوران ضابطہ کار پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ توقع کی جا رہی ہے کہ ایونٹ کے یہ آخری مقابلے سنسنی خیز ہوں گے اور ٹورنامنٹ ایک یادگار انجام کی جانب بڑھے گا۔








