ا نگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ کیلئے ٹیم پوری طرح تیار ہے ، میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے، صاحبزادہ فرحان

کینڈی ۔23فروری (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپنر صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ ا نگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ کے لئے ٹیم پوری طرح تیار ہے اور انشااللہ میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ سوموار کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بیٹنگ اور ٹیم کی کارکردگی پر تفصیل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بیٹنگ میں جو مشکلات سامنے آئیں، اس پر …

کینڈی ۔23فروری (اے پی پی):قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اوپنر صاحبزادہ فرحان نے کہا ہے کہ ا نگلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی میچ کے لئے ٹیم پوری طرح تیار ہے اور انشااللہ میچ جیتنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔

سوموار کے روز پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے بیٹنگ اور ٹیم کی کارکردگی پر تفصیل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بیٹنگ میں جو مشکلات سامنے آئیں، اس پر ٹیم کو سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا اور ٹاپ آرڈر سے اننگز کو لمبا کرنے کی کوشش جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ باؤلنگ میں بولرز اچھا پرفارم کر رہے ہیں، جس سے ٹیم کے لیے فائدہ ہو رہا ہے۔

فرحان نے کہا کہ یہاں پہلی بار کھیل رہا ہوں لیکن سینئر کھلاڑیوں نے پہلے سے یہاں کھیل کر وکٹ کی خصوصیات کے بارے میں رہنمائی دی ہے۔ بابراعظم نے بھی انہیں بتایا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار ہے۔ انہوں نے اپنی کوشش کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سپرایٹ میں بھی فارم کو کیری کرنے کی پوری کوشش ہوگی۔انہوں نے زور دیا کہ کرکٹ ٹیم گیم ہے اور سنچری بنانے سے خود اعتمادی بڑھتی ہے لیکن سب کو ذمہ داری لینا ضروری ہے۔

فرحان نے کہا کہ اگر اوپنرز نے اچھا آغاز نہ کیا تو باقی بیٹسمین کو بھی کھیلنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ہمیشہ اننگز کو لمبا کر کے ٹیم کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔فرحان نے ہنڈرڈ لیگ کے حوالے سے کہا کہ منتخب ہونے کی امید ہے لیکن یہ دیکھنا ہوگا کہ آخرکار کیا ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیگ میں کسی کو منتخب کرنا ہمارے ہاتھ میں نہیں تاہم پاکستان کے سپنرز انگلینڈ کے لیے مشکلات پیدا کریں گے۔

صائم ایوب کے بارے میں بات کرتے ہوئے فرحان نے کہا کہ وہ ہر میچ میں لمبی اننگز کھیل سکتے ہیں اور ایک اچھے پلیئر ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جوفرا آرچر کو فیس کرنا کوئی بڑی بات نہیں اور اگر مخالف ٹیم کے پاس پلان ہوگا تو ان کے پاس بھی پلان موجود ہوگا۔انہوں نے سیلیبریشن کے حوالے سے کہا کہ پہلی مرتبہ ایشیا کپ میں سیلیبریشن کی تھی، اب یہ ورلڈ کپ ہے، اس لیے ہر موقع پر سیلیبریشن خاص ہوتی ہے۔

فرحان نے کہا کہ وہ ریکارڈز اور اعداد و شمار پر زیادہ توجہ نہیں دیتے لیکن کوشش ہوگی کہ ٹاپ پر فنش کریں اور ملک کا نام روشن کریں۔ ویرات کوہلی کے رنز کے ریکارڈ کو توڑنے کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ ریکارڈ بنتے ہیں تو ٹوٹنے کے لیے ہی ہوتے ہیں، ان کی کوشش ہوگی کہ پاکستان کے لیے زیادہ رنز سکور کریں۔

انہوں نے بارش کے بارے میں کہا کہ یہ ہمارے ہاتھ میں نہیں ہے، ٹیم کا مورال ہائی ہے اور انگلینڈ کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلنے کی امید ہے۔ کپتان کے فیصلے کا انتظار رہتا ہے اور پوائنٹس ٹیبل کے حوالے سے ابھی ٹیم میں کوئی بات نہیں ہوئی۔