بابا گورو نانک کے 556 ویں جنم دن کی تقریبات ، انتظامات مکمل

لاہور۔29اکتوبر (اے پی پی):سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات، حکومت پاکستان نے 2100 سے زائد بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کر دیئے۔ترجمان کے مطابق یاتری4 نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے، جبکہ مرکزی تقریب5 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی۔متروکہ وقف املاک بورڈ، وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی زیر …

لاہور۔29اکتوبر (اے پی پی):سکھ مذہب کے بانی بابا گورو نانک دیو جی کے 556ویں جنم دن کی تقریبات، حکومت پاکستان نے 2100 سے زائد بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کر دیئے۔ترجمان کے مطابق یاتری4 نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے، جبکہ مرکزی تقریب5 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں منعقد ہوگی۔متروکہ وقف املاک بورڈ، وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کی زیر نگرانی بھارتی سکھ یاتریوں کے لیے تمام انتظامات مکمل کر چکا ہے۔اس حوالے سے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے کہا ہے کہ بھارتی سکھ یاتریوں کی پہلے سے بھی زیادہ مہمان نوازی کی جائے گی۔ بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات کو شایانِ شان، پرامن اور مثالی انداز میں یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں اور ضلعی حکومتوں سے مکمل رابطے میں اور انتظامات پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کی مشاورت سے کیئے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کے احکامات کے مطابق ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق کی زیر نگرانی یاتریوں کی سہولت کے لیے رہائش، لنگر، ٹرانسپورٹ، میڈیکل، صفائی اور فول پروف سیکیورٹی کے جامع انتظامات مکمل ہیں۔ واہگہ بارڈر سے مقدس مقامات تک یاتریوں کی نقل و حرکت کے لیے اعلی معیار کی بسوں کا انتظام بھی کر لیا گیا ہے جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق نے واہگہ بارڈر، گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب، گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال اور گوردوارہ روڑی صاحب ایمن آباد سمیت مختلف مقدس مقامات کا دورہ کر کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس دوران ڈپٹی سیکرٹری جنرل شرائنز اور ڈپٹی سیکرٹری شرائنز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ شیڈول کے مطابق سکھ یاتری 4 نومبر کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچیں گے جہاں ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز ناصر مشتاق اور پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ و دیگر ان کا استقبال کریں گے۔ یاتری سخت سیکورٹی میں ننکانہ صاحب پہنچیں گے۔

5 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب میں مرکزی تقریب منعقد ہوگی۔ 6 نومبر کو سکھ یاتری گوردوارہ سچا سودا کی یاترا کے بعد گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال روانہ ہوں گے جہاں ایک روز قیام کے بعد 8 نومبر کو گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور جائیں گے۔ کرتارپور میں مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد 10 نومبر کو یاتری گوردوارہ روہڑی صاحب ایمن آباد اور بعد ازاں لاہور پہنچیں گے۔ ترجمان کے مطابق لاہور میں گوردوارہ ڈیرہ صاحب میں دو روز قیام کے بعد سکھ یاتری 13 نومبر کو واپسی کے لیے روانہ ہوں گے۔