بابر اعظم جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں گے، ہیڈ کوچ مائیک ہیسن

راولپنڈی۔26اکتوبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ بابر اعظم جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں گے اور ٹیم مینجمنٹ کو ان کی شاندار واپسی کی امید ہے۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ بابر اعظم ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں، ہمیں یقین ہے کہ وہ عمدہ …

راولپنڈی۔26اکتوبر (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ بابر اعظم جنوبی افریقہ کے خلاف ٹی 20 سیریز میں تیسرے نمبر پر بیٹنگ کریں گے اور ٹیم مینجمنٹ کو ان کی شاندار واپسی کی امید ہے۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے کہا کہ بابر اعظم ایک تجربہ کار کھلاڑی ہیں، ہمیں یقین ہے کہ وہ عمدہ کم بیک کرتے ہوئے ٹیم کے لیے اہم کردار ادا کریں گے۔ بابر اعظم پاکستان کے تینوں فارمیٹس کے کپتان رہ چکے ہیں اور ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک بڑے اعزاز کے قریب ہیں۔ انہیں بھارت کے روہیت شرما کا سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ توڑنے کے لیے 9 رنز درکار ہیں۔ روہیت شرما کے 159 میچوں میں 4,231 رنز ہیں جبکہ بابر اعظم 128 میچوں میں 4,223 رنز بنا چکے ہیں۔

مائیک ہیسن نے کہا کہ بابر اعظم کی واپسی آئندہ سال بھارت اور سری لنکا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ کے پیش نظر ایک اسٹریٹجک فیصلہ ہے، ہم چاہتے ہیں کہ بابر اعظم تیسرے نمبر پر کھیل کر ٹیم کو مزید آپشنز فراہم کریں۔ انہوں نے وکٹ کیپر بیٹر محمد حارث کے بارے میں کہا کہ انہیں کئی مواقع دیئے گئے لیکن وہ ان سے فائدہ نہیں اٹھا سکے، وہ ایک باصلاحیت نوجوان کھلاڑی ہیں اور انہیں ڈومیسٹک کرکٹ میں واپس جا کر اپنی کارکردگی میں بہتری لانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عثمان خان کو اسپنرز کے خلاف مضبوط بیٹنگ صلاحیت کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے کیونکہ ٹیم کو ایک ایسے وکٹ کیپر بیٹر کی ضرورت تھی جو مڈل آرڈر میں مؤثر ثابت ہو سکے۔

ایشیا کپ کے فائنل میں شکست سے متعلق سوال پر مائیک ہیسن نے کہا کہ ٹیم کو ہار پر افسوس ضرور ہوا تاہم یہ ایک ایسا موقع تھا جس سے بہت کچھ سیکھا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی 20 فارمیٹ میں اب بھی بہتری کی گنجائش ہے اور جو کھلاڑی فی الحال اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں انہیں فرسٹ کلاس کرکٹ پر توجہ دینی چاہیے۔ ہیڈ کوچ نے کہا کہ صفیان مقیم کو مزید تجربہ حاصل کرنے کے لیے فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپس بھیجا گیا ہے جبکہ نوجوان اسپنر عثمان طارق ایک ابھرتا ہوا ٹیلنٹ ہیں جو مستقبل میں قومی ٹیم کے لیے کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں۔

فخر زمان سے متعلق سوال پر مائیک ہیسن نے کہا کہ وہ فی الحال ون ڈے اسکواڈ کا حصہ ہیں لیکن انہیں اپنی بیٹنگ میں تسلسل لانے کی ضرورت ہے۔ فخر زمان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ڈومیسٹک کرکٹ میں اپنی فارم بہتر بنائیں تاکہ آئندہ سیریز میں مضبوط کم بیک کر سکیں۔ ہیڈ کوچ نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز اور اس کے بعد ہونے والی ٹرائی سیریز ورلڈ کپ سے قبل ٹیم کمبی نیشن کو حتمی شکل دینے میں مدد فراہم کریں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 28 اکتوبر کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں سیریز کی بھرپور تیاریوں میں مصروف ہیں جب کہ بابر اعظم کی ٹیم میں واپسی نے شائقین کرکٹ میں نئی جوش و جذبے کی لہر دوڑا دی ہے۔

مزید خبریں