راولپنڈی۔17فروری (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نےباجوڑ میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر "فتنۃ الخوارج" کا حملہ ناکام بنا دیا اور جوابی کارروائی میں 12 دہشت گرد جہنم واصل کردیے، بارودی گاڑی ٹکرانے سے انفراسٹرکچر منہدم ہونے سے 11 جوان اور ایک معصوم بچی شہید، 7 افراد زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 16 فروری 2026 کو ضلع باجوڑ میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں …
باجوڑ میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر فتنۃ الخوارج کا حملہ ناکام، جوابی کارروائی میں 12 جہنم واصل ،بارود بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرانے کے باعث 11 جوان اور ایک معصوم بچی شہید، 7 افراد زخمی ہوگئے،آئی ایس پی آر

مزید خبریں
راولپنڈی۔17فروری (اے پی پی):سکیورٹی فورسز نےباجوڑ میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر "فتنۃ الخوارج” کا حملہ ناکام بنا دیا اور جوابی کارروائی میں 12 دہشت گرد جہنم واصل کردیے، بارودی گاڑی ٹکرانے سے انفراسٹرکچر منہدم ہونے سے 11 جوان اور ایک معصوم بچی شہید، 7 افراد زخمی ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 16 فروری 2026 کو ضلع باجوڑ میں سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ چیک پوسٹ پر بھارتی آلہ کار اور پراکسی تنظیم "فتنۃ الخوارج” کے دہشت گردوں نے بزدلانہ حملہ کیا۔
حملہ آوروں نے چیک پوسٹ کی سکیورٹی کو توڑنے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز نے انتہائی چوکسی اور عزم کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے ان مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ پاک فوج کے بہادر جوانوں نے پیشہ ورانہ مہارت اور بے مثال جرات کے ساتھ جوابی کارروائی کی اور فرار ہونے والے خوارج کو نشانہ بناتے ہوئے 12 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔
ترجمان پاک فوج نے بتایا کہ ناکامی اور مایوسی کے عالم میں حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی چیک پوسٹ کی حفاظتی دیوار سے ٹکرا دی۔ دھماکے کی شدت اس قدر زیادہ تھی کہ چیک پوسٹ کا انفراسٹرکچر منہدم ہو گیا جس کے نتیجے میں دھرتی کے 11 بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
دھماکے سے چیک پوسٹ کے قریب واقع شہری آبادی کے مکانات کو بھی شدید نقصان پہنچا جس کے نتیجے میں ایک معصوم بچی شہید جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہو گئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود کسی بھی دیگر بھارتی سرپرستی میں کام کرنے والے خارجی کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے وفاقی اپیکس کمیٹی کے نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن "عزمِ استحکام” کے تحت ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہمارے بہادر سپاہیوں اور معصوم شہریوں کی یہ عظیم قربانیاں مادرِ وطن کے دفاع کے لیے ہمارے غیر متزلزل عزم کو مزید تقویت بخشتی ہیں۔








