بار رومز کی اپ گریڈیشن، جدید سہولیات کی فراہمی اور وکلا کو بہتر ماحول مہیا کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، صوبائی وزیر قانون
بار رومز کی اپ گریڈیشن، جدید سہولیات کی فراہمی اور وکلا کو بہتر ماحول مہیا کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، صوبائی وزیر قانون
لاہور۔5جون (اے پی پی):صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا محمد اقبال خان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت وکلا برادری کی فلاح و بہبود، پیشہ ورانہ ترقی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، بار رومز کی اپ گریڈیشن، جدید سہولیات کی فراہمی اور وکلا کو بہتر ماحول مہیا کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف بار ایسوسی ایشنز میں گرانٹس اِن ایڈ کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے خصوصی شرکت کی جبکہ سینئر قانون دان چوہدری احسن بھون، پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون خالد محمود رانجھا، سیکرٹری قانون آصف بلال لودھی، ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن قانون، ایم پی اے چوہدری منصور اعظم سندھو، ایم پی اے عرفان بشیر گجر، ایم پی اے سلطان علی اور انتظار حسین بھٹی بھی موجود تھے۔
اس موقع پر گوجرانوالہ ڈویژن کی بار ایسوسی ایشنز کو 49 لاکھ 30 ہزار روپے، گجرات ڈویژن کی بارز کو 41 لاکھ 50 ہزار روپے جبکہ سرگودھا ڈویژن کی بار ایسوسی ایشنز کو 26 لاکھ روپے کے فنڈز تقسیم کیے گئے۔صوبائی وزیر قانون نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پنجاب وکلا برادری کو درپیش مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے وکلا کی جانب سے پارکنگ، چیمبرز کی تعداد میں اضافے، ڈے کیئر سینٹرز کے قیام اور دیگر فلاحی و انتظامی امور سے متعلق تجاویز اور مسائل کو غور سے سنا اور ان کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔رانا محمد اقبال خان نے کہا کہ بار ایسوسی ایشنز کو گرانٹس کی فراہمی کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا تاکہ وکلا برادری کو بہتر سہولیات میسر آسکیں اور عدالتی نظام کے معاون اداروں کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ وکلا قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں، اس لیے ان کی فلاح و بہبود حکومت کی ذمہ داری ہے۔تقریب میں گوجرانوالہ، سیالکوٹ اور گجرات بارز کے صدور و جنرل سیکرٹریز سمیت مختلف اضلاع کی بار ایسوسی ایشنز کے صدور، عہدیداران اور وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بار ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے فنڈز کی فراہمی پر صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے وکلا برادری کے مسائل کے حل کے لیے حکومت پنجاب کی کاوشوں کو سراہا۔









