بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کا کیس، سپریم کورٹ نے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت تین ہفتوں کے لیے ملتوی کر دی

سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقاتوں سے متعلق کیس میں اسلام آباد اور پنجاب حکومتوں کو تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کے لیے تین ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

اسلام آباد۔20جولائی (اے پی پی):سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقاتوں سے متعلق کیس میں اسلام آباد اور پنجاب حکومتوں کو تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کے لیے تین ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

جسٹس محمد علی مظہر کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے عدالت سے استدعا کی کہ جامع رپورٹ جمع کرانے کے لیے مہلت دی جائے۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب وسیم ممتاز ملک نے موقف اختیار کیا کہ پنجاب حکومت کو درخواستوں کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کے متفقہ حکم کے خلاف اپیل دائر نہیں کی جا سکتی۔اس پر جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کو بتایا جائے کہ اب تک کتنی ملاقاتیں ہوئیں، کب کب ملاقاتیں کرائی گئیں اس حوالے سے جامع رپورٹ جمع کرائی جائے۔سماعت کے دوران جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کو یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ میڈیا سے گفتگو نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے استفسار کیا کہ جیل کے باہر میڈیا ٹاک کر کے کیا اس یقین دہانی کی خلاف ورزی نہیں ہوئی؟بانی پی ٹی آئی کے وکیل سلمان اکرم راجہ نے موقف اختیار کیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم متفقہ نہیں تھا۔ اس پر جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے کہ اگر حکم متفقہ نہیں تھا تو ہائی کورٹ میں نظرثانی کی درخواست دائر کی جانی چاہیے تھی۔بعد ازاں سپریم کورٹ نے اسلام آباد اور پنجاب حکومتوں کو تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کے لیے تین ہفتوں کی مہلت دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

مزید خبریں