عالمی فٹ بال کی تاریخ میں ایک نئی تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے، جب آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں افتتاحی ’فیفا انڈر-15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول‘ کا باقاعدہ آغاز کل (24 اکتوبر )سے ہوگا۔ اس ایونٹ میں شریک 189 رکن ممالک میں سے پاکستان سمیت 78 ایسوسی ایشنز ایسی ہیں جو مردوں یا خواتین کی کسی بھی عمر کی سطح پر پہلی بار فیفا ورلڈ کپ کے سٹیج پر …
باکو میں پہلے فیفا انڈر-15 ورلڈ کپ و فیسٹیول کا کل سے آغاز، پاکستان سمیت 78 ممالک پہلی بار فیفا ورلڈ کپ سٹیج پر ڈیبیو کریں گے

مزید خبریں
اسلام آباد/باکو۔23اکتوبر (اے پی پی):عالمی فٹ بال کی تاریخ میں ایک نئی تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے، جب آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں افتتاحی ’فیفا انڈر-15 ورلڈ کپ اینڈ فیسٹیول‘ کا باقاعدہ آغاز کل (24 اکتوبر )سے ہوگا۔ اس ایونٹ میں شریک 189 رکن ممالک میں سے پاکستان سمیت 78 ایسوسی ایشنز ایسی ہیں جو مردوں یا خواتین کی کسی بھی عمر کی سطح پر پہلی بار فیفا ورلڈ کپ کے سٹیج پر قدم رکھ رہی ہیں۔
چھ روزہ اس فیسٹیول نما ٹورنامنٹ میں افغانستان سے لے کر زمبابوے تک کے نوآموز ممالک شامل ہیں، جن میں پاکستان، بنگلہ دیش، نیپال، سری لنکا اور فلسطین بھی نمایاں ہیں۔ نوجوان کھلاڑیوں کی اکثریت زندگی میں پہلی بار بیرونِ ملک سفر کر رہی ہے اور پہلی مرتبہ اپنے قومی رنگوں کی نمائندگی کرے گی۔فیفا یوتھ ٹورنامنٹس کے سربراہ روبرٹو گراسی نے افتتاحی ایڈیشن کو ایک انقلابی منصوبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیفا کا بنیادی نظریہ ہر باصلاحیت کھلاڑی کو موقع فراہم کرنا ہے، اور نوجوان کھلاڑی کھیل کی اصل بنیاد ہیں۔
انہوں نے آذربائیجان فٹ بال فیڈریشن کے تعاون اور حکومتی انتظامات کی تعریف کی۔نوجوان کھلاڑیوں کی ضروریات اور نشوونما کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹورنامنٹ کا فارمیٹ روایتی مقابلوں سے مختلف رکھا گیا ہے۔ ایونٹ میں کوئی ناک آؤٹ مرحلہ نہیں ہوگا اور تمام ٹیمیں آخری دن تک کھیلتی رہیں گی۔ مقابلے چھوٹے میدانوں پر 8 کھلاڑیوں پر مشتمل (8-a-side) ہوں گے، جن میں 20، 20 منٹ کے دو ہاف اور رولنگ سبسٹٹیوشن شامل ہے۔ ابتدائی تین روزہ کوالیفکیشن مرحلے کے بعد ٹیموں کو چھ درجات میں تقسیم کیا جائے گا، جہاں ٹائر-اے کی فاتح ٹیم فیسٹیول کی چیمپئن بنے گی۔تمام شریک ٹیموں کو باکو کے ایتھلیٹس ولیج میں ٹھہرایا گیا ہے۔
میچز زیادہ تر ہووسن کمپیٹیشن کمپلیکس میں کھیلے جائیں گے، جبکہ باکو کرسٹل ہال افتتاحی تقریب اور فائنلز کی میزبانی کرے گا۔ کھیل کے علاوہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے تعلیمی سیشنز اور فیفا لیجنڈز سے ملاقاتوں کا بھی خصوصی اہتمام کیا گیا ہے۔فیفا کے مطابق، لڑکیوں کے لیے انڈر-15 فیسٹیول کا پہلا ایڈیشن 2027 میں منعقد کیا جائے گا، جبکہ 2028 سے تمام 211 رکن ممالک کے لیے لڑکوں اور لڑکیوں کے سالانہ ٹورنامنٹس کا باقاعدہ سلسلہ شروع ہو جائے گا۔








