بجلی کا شارٹ فال آئندہ ایک دو دن میں ختم ہو جائے گا، اس سال پانی کی کمی توقع سے زیادہ ہوئی، لوڈشیڈنگ تربیلا کے پلانٹس بند ہونے کی وجہ سے ہے، وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب

موجودہ حکومت نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں، وفاقی وزیرعمرایوب خان کا کانووکیشن سے خطاب

اسلام آباد۔9جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب نے کہا ہے کہ بجلی کا شارٹ فال آئندہ ایک دو دن میں ختم ہو جائے گا، اس سال پانی کی کمی توقع سے زیادہ ہوئی، لوڈشیڈنگ تربیلا کے پلانٹس بند ہونے کی وجہ سے ہے، لوڈشیڈنگ عارضی ہے جلد قابو پایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس سال ملک میں پانی کا بہائو موسم کے لحاظ سے زیادہ کم ہے جس کی وجہ سے بجلی کی ہائیڈل جنریشن بھی کم ہے، کچھ دنوں سے لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ اس لئے درپیش ہے کیونکہ پانی کم ہونے کی وجہ سے تربیلا ڈیم پر ہائیڈل ٹربائنز بند ہیں جو چند دنوں میں فعال ہو جائیں گے، جس سے تقریباً 2000 میگا واٹ بجلی حاصل ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ جب پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سنبھالی تو ملک کی بجلی ترسیل کرنے کی صلاحیت 18 ہزار میگا واٹ تھی جبکہ گزشتہ اڑھائی سال میں ہم نے بجلی کی ترسیل کے نظام میں تقریباً 79 بلین روپے خرچ کئے، کم کارکردگی کے حامل اور بہتر کارکردگی کے حامل ڈسکوز کے نظام کو ٹھیک کیا، اب ملک میں بجلی کی ترسیل کے نظام میں تقریباً 25 سے 26 ہزار میگا واٹ بجلی ترسیل کرنے کی صلاحیت موجود ہے۔

وفاقی وزیر عمر ایوب نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت نے بجلی کے مہنگے معاہدے کئے تھے، مسلم لیگ (ن) کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے بجلی مہنگی ہو گئی، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے یہ ایک عارضی مسئلہ پیدا ہوا ہے جس کو وزارت توانائی جلد ہی دور کر لے گی۔

انہوں نے کہا کہ جو سرکلر ڈیٹ کا بہائو مسلم لیگ (ن) نے چھوڑا تھا، اس کے باوجود کہ بجلی استعمال کریں یا نہ کریں کیپیسٹی پیمنٹس بڑھ رہی ہیں، ہم نے اس سے 100 ارب روپے کم کیا ہے اور آگے چل کر وزارت توانائی اس کو مزید کم کرے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سنبھالی تو اس وقت مسلم لیگ (ن) نے ٹیرف میں اضافہ گزشتہ ڈیڑھ سال سے نہیں کیا ہوا تھا، جس کا ٹوٹل بل 229 ارب روپے بنتا تھا، مسلم لیگ (ن) کو آگے الیکشن نظر آ رہا تھا اور انہوں نے ڈیڑھ سال بجلی کی قیمت نہیں بڑھائی اور وہ ہمارے گلے پڑ گیا، اس کے مطابق ہمیں حکومت میں آتے ہی بجلی کی قیمت میں تقریباً 2 روپے 29 پیسے اضافہ کرنا چاہیے تھی جو ہم نے نہیں کی بلکہ اس سے کم اضافہ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کیپسٹی پیمنٹس کی وجہ سے کیا گیا جو کہ مسلم لیگ (ن) کے دور سے چلی آ رہی تھیں، کپیسٹی پیمنٹس کا تعلق براہ راست ٹیرف کے ساتھ ہوتا ہے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے دوران کیپسٹی پیمنٹس کا حجم 200 ارب روپے تھا جوکہ اب تقریباً ساڑھے 800 ارب روپے ہو گیا ہے۔