بدعنوانی معاشرے کے کمزوراورغریب طبقات کو سب سے زیادہ بری طرح سے نشانہ بناتی ہے،کورونا وائرس کی وبا کے تناظرمیں احتساب اورشفافیت کو نظراندازنہیں کیا جاسکتا،منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف کرسٹالینا جوارگیوا

اسلام آباد ۔ 17 جون (اے پی پی) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی منیجنگ ڈائریکٹرکرسٹالینا جوارگیوا نے کہاہے کہ بدعنوانی معاشرے کے کمزوراورغریب طبقات کو سب سے زیادہ بری طرح سے نشانہ بناتی ہے،کورونا وائرس کی وبا کے تناظرمیں احتساب اورشفافیت کو نظراندازنہیں کیا جاسکتا۔ بدھ کو ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہاکہ بدعنوانی تباہ کن طاقت ہے جو معاشرے کے غریب اورکمزورطبقات کوبری طرح سے نشانہ بناتی ہے،اویہ اس وقت المیہ ہوتا ہے جب حکومتوں کو زندگیاں اورروزگار بچانے کیلئے اقدامات کی ضرورت ہوتی ہے اوردرکارپیسہ استعمال ہونے کی بجائے ضائع ہوجاتاہے ۔انہوں نے کہاکہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ بدعنوانی کے سدباب کیلئے مختلف نوعیت کے اقدامات میں حکومتوں کے ساتھ معاونت کاسلسلہ جاری رکھے گا،ان میں سرکاری خریداری کے معاہدوں کی تفصیلات کا آن لائن اجرا، آزادانہ آڈٹ، شفافیت اورمالیاتی انتظام انصرام میںبہتری شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف بدعنوانی اورمنی لانڈرنگ کے تدارک میں بھی ممالک کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹرنے کہاکہ حکومتی اداروںکو قابل مواخذہ بنانے میں سول سوسائٹی کے کردارکو نظراندازنہیں کیاجاسکتا،ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل جیسے ادارے شہریوں میں کرپشن کے حوالہ سے شعوروآگہی پھیلانے میں اہم کرداراداکررہے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ کورونا وائرس کی وبا کے تناظرمیں احتساب اورشفافیت کو نظراندازنہیں کیا جاسکتا۔