برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ کرکے ہی پائیدار معاشی ترقی کے اہداف کو حاصل کیا جا سکتا ہے، صدر ایف سی سی آئی فاروق یوسف شیخ

فیصل آباد۔ 03 نومبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ برآمدات میں خاطر خواہ اضافے سے ہی پائیدار معاشی ترقی کے اہداف کو حاصل کیا جا سکتا ہے ، اس مقصد کےلئے چیمبر اور سٹیٹ بینک کے درمیان موجودہ روابط کو مزید بہتر بنانے کےلئے لائزان یا کو آرڈی نیشن آفیسرز مقرر کئے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے …

فیصل آباد۔ 03 نومبر (اے پی پی):فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز کے صدر فاروق یوسف شیخ نے کہا ہے کہ برآمدات میں خاطر خواہ اضافے سے ہی پائیدار معاشی ترقی کے اہداف کو حاصل کیا جا سکتا ہے ، اس مقصد کےلئے چیمبر اور سٹیٹ بینک کے درمیان موجودہ روابط کو مزید بہتر بنانے کےلئے لائزان یا کو آرڈی نیشن آفیسرز مقرر کئے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے سٹیٹ بینک فیصل آباد کی چیف منیجر فوزیہ اسلم سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ صدر چیمبر نے سپیشل انویسٹمنٹ فیسیلی ٹیشن کونسل کے حالیہ اجلاس میں اپنی شرکت کے حوالے سے بتایا کہ معاشی استحکام کےلئے حکومت اور حکومتی ادارے انتہائی سنجیدہ ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وہ فیصل آباد چیمبر کے پلیٹ فارم سے تمام برآمدی تنظیموں کا اجلاس طلب کریں گے تاکہ برآمدات کی راہ میں حائل عملی مشکلات کی نشاندہی کر کے ان کے حل کےلئے قابل عمل سفارشات اور تجاویز پیش کی جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ برآمدات بڑھیں گی تو تجارتی خسارہ کم ہو گا اور ملک میں خوشحالی آئے گی،فیصل آباد چیمبر حکومت سے مل کر حالات کو بہتر بنانے کےلئے ہر ممکن کوشش کرے گا۔

انہوں نے چیف منیجر کو باضابطہ بزنس کمیونٹی کے اجلاس میں شرکت کی بھی دعوت دی تاکہ ان مسائل پر کھل کے بات چیت ہو سکے۔ چیف منیجر فوزیہ اسلم نے فاروق یوسف شیخ کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹریز کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ وہ بینکوں سے متعلقہ بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کےلئے باہمی روابط کو مستحکم بنائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ برآمدات میں اضافہ سٹیٹ بینک کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں برآمد کنندگان کے انفرادی اور اجتماعی مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شریعت کورٹ کی ہدایت پر 2027 تک پورے بینکاری نظام کو اسلامی خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے، بزنس کمیونٹی کےلئے روایتی اور اسلامی نظام کے فرق کو سمجھنا ضروری ہے اور اس سلسلے میں سٹیٹ بینک آگاہی سیشن منعقد کرنے کےلئے تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک خواتین میں بینکاری کی اہمیت کو اجاگر کرنے کےلئے ہر سال 19نومبر کو خواتین انٹر پرینیورز کے بین الاقوامی دن کے موقع پر ایک تقریب منعقد کرتا ہے جبکہ اس سال وہ اس تقریب کو فیصل آباد چیمبر میں کرنا چاہتی ہیں۔ چیف منیجر نے بتایا کہ برآمدات کے حوالے سے سٹیٹ بینک تمام شیڈولڈ بینکوں کو صرف ممکنہ خطرات سے آگاہ کرتا ہے جبکہ حتمی فیصلہ متعلقہ بینکوں کو اپنے مفادات کو خود دیکھ کے کرنا ہوتا ہے۔