35ویں نیشنل گیمز 2025 کراچی میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں پروقار تقریب منعقد

سندھ حکومت نے 35ویں نیشنل گیمز 2025 کراچی میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد کی جس میں کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں میڈلز اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔

کراچی۔ 10 جون (اے پی پی):سندھ حکومت نے 35ویں نیشنل گیمز 2025 کراچی میں میڈلز جیتنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب منعقد کی جس میں کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں میڈلز اور نقد انعامات سے نوازا گیا۔

سندھ کےکھلاڑیوں میں مجموعی طور پر 2 کروڑ 63 لاکھ روپے کے کیش ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔ محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان حکومت سندھ کے زیرِ اہتمام منگل کو ابراہیم جویو آڈیٹوریم، لیاقت لائبریری کراچی میں منعقدہ تقریب کے مہمانِ خصوصی سیکرٹری اسپورٹس سندھ منور علی مہیسر تھے۔ تقریب میں ڈی آئی جی ٹریفک سید پیر محمد شاہ، ڈائریکٹر اسپورٹس اسد اسحاق، چیف انجینئر محمد اسلم مہر، سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری احمد علی راجپوت، خازن اصغر بلوچ سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ یاد رہے کہ 6 سے 12 دسمبر 2025 تک کراچی میں منعقد ہونے والے 35ویں نیشنل گیمز میں سندھ نے مجموعی طور پر 92 میڈلز حاصل کیے تھے۔ صوبہ سندھ نے 11 گولڈ، 25 سلور اور 56 برانز میڈلز جیت کر مجموعی طور پر چھٹی پوزیشن حاصل کی تھی۔اس موقع پر سیکریٹری اسپورٹس سندھ منور علی مہیسر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 18 سال بعد 2025 میں نیشنل گیمز کا انعقاد ایک بڑا چیلنج تھا، جس کی کامیاب میزبانی وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر کی سربراہی میں ممکن ہوئی، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور چیف سیکریٹری سندھ نے مکمل رہنمائی اور تعاون فراہم کیا۔