محکمہ موسمیات نے 11 سے 13 جون کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں آندھی، جھکڑ، گرج چمک اور موسلا دھاربارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
11 سے 13 جون تک بالائی علاقوں میں آندھی، گرج چمک اور موسلادھار بارش کی پیشگوئی، متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت

مزید خبریں
راولپنڈی۔ 10 جون (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے 11 سے 13 جون کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں آندھی، جھکڑ، گرج چمک اور موسلا دھاربارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ 11 جون سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو 13 جون تک برقرار رہ سکتا ہے جبکہ بحیرہ عرب سے مرطوب ہوائیں بھی 11 جون سے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی۔ ان موسمی نظاموں کے باعث مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، گرج چمک، موسلادھار بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔پیشگوئی کے مطابق 11 سے 13 جون کے دوران اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم اور پنجاب کے دیگر اضلاع میں کہیں کہیں آندھی اور جھکڑ چلنے کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے جبکہ بعض علاقوں میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
کشمیر اور گلگت بلتستان میں وادی نیلم، مظفر آباد، راولاکوٹ، پونچھ، ہٹیاں بالا، باغ، حویلی، سدھنوتی، کوٹلی، بھمبر اور میرپور سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی 11 سے 13 جون کے دوران آندھی، جھکڑ اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری ہو سکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید آندھی، ژالہ باری اور آسمانی بجلی گرنے کے باعث کمزور ڈھانچوں، سولر پینلز، بجلی کے کھمبوں، درختوں اور اشتہاری بورڈز کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ موسلادھار بارش کے باعث راولپنڈی، اسلام آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ یا پانی جمع ہونے کے امکانات بھی موجود ہیں۔ گلگت بلتستان، کشمیر اور بالائی خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے جس سے آمدورفت متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے کسانوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی فصلوں اور زرعی سرگرمیوں کی حفاظت کے لیے ضروری اقدامات کریں جبکہ سیاحوں اور مسافروں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور دورانِ سفر موسمی صورتحال سے باخبر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آندھی اور گرج چمک کے دوران کھلے میدانوں، بلند مقامات اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں، غیر محفوظ اور خستہ حال عمارتوں کے قریب کھڑے ہونے سے اجتناب کریں اور گاڑیاں درختوں یا کمزور سائن بورڈز کے نیچے پارک نہ کریں۔ شدید بارش کے دوران نشیبی علاقوں، برساتی نالوں اور زیرِ آب سڑکوں سے گزرنے سے گریز کیا جائے جبکہ موبائل فون، ٹارچ اور دیگر ضروری اشیاء ہنگامی صورتحال کے پیش نظر تیار رکھی جائیں۔محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو سروسز اور شہری دفاع کے اداروں کو الرٹ رہنے اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت جاری کی ہے۔








