برسلز۔15اکتوبر (اے پی پی):بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں پاکستانی سفارتخانے نے طلباء اور پیشہ ور افراد کی نیٹ ورکنگ کانفرنس کی میزبانی کی جس میں یورپی کمیشن، بیلجیئم کے اداروں کے نمائندوں اور بیلجیئم میں مقیم پاکستانی طلباء اور پیشہ ور تارکین وطن کے ارکان نے شرکت کی۔ پاکستانی سفارت خانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب کا مقصد پاکستانی پیشہ ور افراد کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے …
برسلز میں پاکستانی سفارتخانے کی طلباء اور پیشہ ور افراد کی نیٹ ورکنگ کانفرنس کی میزبانی

مزید خبریں
برسلز۔15اکتوبر (اے پی پی):بیلجیئم کے دارالحکومت برسلز میں پاکستانی سفارتخانے نے طلباء اور پیشہ ور افراد کی نیٹ ورکنگ کانفرنس کی میزبانی کی جس میں یورپی کمیشن، بیلجیئم کے اداروں کے نمائندوں اور بیلجیئم میں مقیم پاکستانی طلباء اور پیشہ ور تارکین وطن کے ارکان نے شرکت کی۔ پاکستانی سفارت خانہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب کا مقصد پاکستانی پیشہ ور افراد کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ سائنس ڈپلومیسی اور پاکستانی تارکین وطن کے ذریعے سائنس، تعلیم اور اختراع میں قریبی تعاون کے راستے تلاش کرنا تھا۔
پروگرام میں ادارہ جاتی شراکت داروں کے نمائندوں نے اپنے خیالات کا اظہار کیا جن میں یورپی کمیشن کے ڈائریکٹوریٹ جنرل فار ریسرچ اینڈ انوویشن میں بین الاقوامی تعاون کے لیے ٹیم لیڈر ڈاکٹر لورنا شریفلر، ڈائریکٹوریٹ جنرل برائے تعلیم، کھیل اور ثقافت میں پالیسی آفیسر جوہانا مانسن ڈیلرس، بیلجیئم کی فیڈرل پبلک سروس برائے خارجہ امور کی کونسلر سبین کیپارٹ، فلیمش ہائر ایجوکیشن کونسل میں انٹرنیشنلائزیشن کے پالیسی مشیر رینیلڈے نیویلز نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تقریب میں بیلجیئم کی معروف یونیورسٹیوں اور کاروباری اداروں کے پاکستانی پیشہ ور افراد نے اپنے تجربات اور شراکت کا اشتراک کیا۔
مقررین میں ڈاکٹر علی شیرازی، پروفیسر ڈاکٹر احمد زیب خان ، ڈاکٹر مدیحہ نذیر، ڈاکٹر محمد نعیم اور حرا محمود شامل تھیں۔ اس موقع پر سفیر رحیم حیات قریشی نے شرکا کو خوش آمدید کہا اور یورپی یونین اور بیلجیئم کے نمائندوں کا پاکستان کے ساتھ تعلیم، تحقیق اور اختراع کے شعبوں میں مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کیا۔پاکستانی سفیر نے مختلف شعبوں میں کام کرنے والے پاکستانی تارکین وطن کے تعاون کو سراہا۔ تقریب کا اختتام سوال و جواب کے سیشن کے ساتھ ہوا جس سے شرکا کو باہمی تعامل اور خیالات کے اظہار کا موقع فراہم ہوا۔








