برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کا این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر کا دورہ، چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے ملاقات

پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کا دورہ کیا اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے ملاقات کی۔اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر کو پاکستان کی آفات کے حوالے سے پیشگی تیاری اور آگاہی کے نظا م اورنیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر کی تکنیکی اور صلاحیتی دائرہ کار …

اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):پاکستان میں برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے این ڈی ایم اے ہیڈکوارٹرز میں نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) کا دورہ کیا اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے ملاقات کی۔اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر کو پاکستان کی آفات کے حوالے سے پیشگی تیاری اور آگاہی کے نظا م اورنیشنل ایمر جنسیز آپریشن سینٹر کی تکنیکی اور صلاحیتی دائرہ کار پر بریفنگ دی گئی۔پیر کو این ڈی ایم اے کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق برطانوی ہائی کمشنر کو این ڈی ایم اے کے آفات سے نمٹنے اور خطرات کی پیشگی تشخیص کے حوالے سے ڈیجیٹل پورٹلز سے آگاہ کیا گیا۔

چیئرمین این ڈی ایم اے نے قومی سطح پر آفات سے نمٹنے اور خطرات کے تدارک میں ادارے کے کلیدی کردارپر بریفنگ دی ۔وفد کو 2026ء کے دوران پاکستان اور دیگر ممالک کو درپیش ممکنہ خطرات پر بھی بریفنگ دی گئی۔این ڈی ایم اے کی موبائل ایپلیکیشن اور پیشگی آگاہی اور ٹیکنالوجی پر مبنی اقدامات کے حوالے سے تفصیلی جائزہ پیش کیا گیا۔

برطانوی ہائی کمشنر نے آفات سے نمٹنے اور خطرات کے تدارک کے لیے این ڈی ایم اے کے جدید اور مربوط نظام کو سراہااوکہا کہ این ڈی ایم اے کا این ای او سی دنیا کے بہترین ایمر جنسیز سینٹر میں سے ایک ہے۔ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے درمیان ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اور کلائمیٹ ریزیلینس میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔