برطانیہ کو پاکستانی آم کی برآمدات میں دو سال کے دوران 50 فی صد اضافہ

اسلام آباد ۔4دسمبر (اے پی پی): برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر معظم احمد خان نے کہا ہے کہ برطانیہ کے لیے دو برس میں پاکستانی آم کی برآمدات میں 50فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ،مزید اقدامات سے برآمدات میں اضافہ ممکن ہے ۔

ترجمان آر سی سی آئی نے اے پی پی کو بتایاکہ ان خیالات کا اظہار برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر معظم احمد خان نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے صدر ثاقب رفیق کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے گفتگو میں کیا ۔ وفد میں لندن میں پاکستان کے وزیر سرمایہ کاری و تجارت شفیق شہزاد، پاک یوکے بزنس کانفرنس کے چیئرمین خورشید برلاس بھی موجود تھے۔

پاکستان کے ہائی کمشنر معظم احمد خان نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستا ن اور برطانیہ کے درمیان باہمی تجارت میں اضافے کے لیے آسانیاں لائی جا رہی ہیں، پچھلے دو سال میں برطانیہ کے لیے پاکستانی آم کی ایکسپورٹ میں پچاس فیصد اضافہ ہوا ہے ۔

انہوں نے صدر چیمبر ثاقب رفیق کو کامیاب بزنس کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور باہمی تجارت میں اضافے کے لیے آر سی سی آئی کی کوششوں کو سراہا۔

اس موقع پر صدر چیمبر ثاقب رفیق نے کہا کہ راولپنڈی چیمبر 2017سے برطانیہ میں بزنس مواقع کانفرنس کا انعقاد کراتا چلا آ رہا ہے، انہوں نے کہا کہ تقریبا 16 لاکھ اوورسیز پاکستانی برطانیہ میںمقیم ہیں، چوتھی پاک یوکے بزنس کانفرنس ایک بڑی کامیابی ہے ، ستر سے زائد مندوبین نے شرکت کی، ہمیں اچھا ریسپانس ملا ہے ، دوطرفہ تجارت بڑھانے کی راہ ہموار ہو گی اور امید ہے پاکستان میں بھی اب برطانیہ کے ٹاپ برانڈآئیں گے