برونو فرنینڈس کو پی ایف اے پلیئر آف دی ایئر قراردے دیا گیا

مانچسٹر یونائیٹڈ کے کپتان اور پرتگال کے سٹار فٹ بالر برونو فرنینڈس کو پروفیشنل فٹ بالرز ایسوسی ایشن (پی ایف اے)کا سال کا بہترین کھلاڑی قرار دے دیا گیا جبکہ مانچسٹر سٹی کی خدیجہ شا نے دوسری بار خواتین کا یہ ایوارڈ اپنے نام کیا۔

مانچسٹر۔27اگست (اے پی پی):مانچسٹر یونائیٹڈ کے کپتان اور پرتگال کے سٹار فٹ بالر برونو فرنینڈس کو پروفیشنل فٹ بالرز ایسوسی ایشن (پی ایف اے)کا سال کا بہترین کھلاڑی قرار دے دیا گیا جبکہ مانچسٹر سٹی کی خدیجہ شا نے دوسری بار خواتین کا یہ ایوارڈ اپنے نام کیا۔

ڈھاکہ ٹریبیون کے مطابق پرتگالی بین الاقوامی کھلاڑی فرنینڈس نے 2025/26 کے شاندار سیزن کے دوران پریمیئر لیگ میں 21 اسسٹ کر کے تھیری ہینری اور کیون ڈی بروئن کا سابقہ رکارڈ توڑتے ہوئے تاریخ کے سب سے زیادہ اسسٹ کا آل ٹائم ریکارڈ بنایا۔ 31 سالہ کھلاڑی نے مانچسٹر یونائیٹڈ کی جانب سے 9 گول بھی سکور کیے جس کی بدولت مانچسٹریونائیٹڈ کی ابتدائی ناکامیوں کے بعد مائیکل کیرک کی زیرِ نگرانی پریمیئر لیگ میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے اور چیمپئنز لیگ میں واپسی میں کامیاب رہی۔ فرنینڈس مئی کے مہینے میں فٹ بال رائٹرز ایسوسی ایشن کا فٹ بالر آف دی ایئر ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ یقیناً ایک انتہائی فخر کا لمحہ ہے کیونکہ جن کھلاڑیوں کے خلاف آپ میدان میں اترتے ہیں ان کے لیے آپ کے حق میں ووٹ دینا آسان نہیں ہوتا اس لیے یہ لمحہ انتہائی خاص ہے۔

دوسری جانب خدیجہ شا کو مسلسل تیسری گولڈن بوٹ حاصل کرنے اور 21 گول سکور کر کے مانچسٹر سٹی کو ایک دہائی بعد پہلا ویمنز سپر لیگ ٹائٹل دلوانے پر اس اعزاز سے نوازا گیا۔ مانچسٹر سٹی کی کامیابیوں کا سلسلہ یہاں نہ رکا اور نکو اوریلے کو مردوں کے شعبے میں سال کا بہترین ینگ پلیئر قرار دیا گیا۔ 21 سالہ انگلش کھلاڑی نے لیگ کپ فائنل میں آرسنل کے خلاف دو گول سکور کیے جبکہ وہ گزشتہ سیزن ایف اے کپ جیتنے والی ٹیم کا بھی حصہ رہے۔ اوریلے نے کہا کہ وہ اس سیزن میں اپنے کلب کے ساتھ دو ٹرافیوں کی فتح اور قومی ٹیم کے ساتھ ورلڈ کپ کھیلنے پر حد درجہ مسرور ہیں۔ اوریلے کے ساتھ مانچسٹر سٹی کے ساتھی کھلاڑی ارلنگ ہالینڈ، ریان شرقی اور اینٹونی سیمینیو بھی سیزن کی بہترین ٹیم کا حصہ بنے۔ چیمپئن آرسنل کے پانچ کھلاڑیوں ڈیوڈ رایا، گیبریئل، ولیم سلیبا، جیورین ٹمبر اور ڈیکلن رائس نے ٹیم آف دی ایئر میں جگہ بنائی جبکہ برونو فرنینڈس اور برینٹ فورڈ کے ایگور تھیاگو نے حتمی الیون مکمل کی۔

مزید خبریں