بلاول بھٹو زرداری کا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو 73ویں سالگرہ پر شاندار خراجِ عقیدت
بلاول بھٹو زرداری کا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو 73ویں سالگرہ پر شاندار خراجِ عقیدت

مزید خبریں
اسلام آباد /کراچی ۔20جون (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو 73ویں سالگرہ کے موقع پر شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایک متحد، جمہوری اور ترقی پسند پاکستان کی دائمی علامت ’’چاروں صوبوں کی زنجیر‘‘ تھیں،بی بی شہید کاایک مضبوط وفاق، بااختیار وفاقی اکائیوں، آئین کی بالادستی اور سب کیلئے وقار، مساوات و یکساں مواقع پر مبنی معاشرے کا وژن آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی کے لیئے مشعلِ راہ ہے، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی لیگیسی ایک ایسے پاکستان کے لیے روشنی کا مینار ہے جو اپنے دفاع میں مضبوط، اپنے عوام کے حقوق کے تحفظ میں ثابت قدم اور جموں و کشمیر کے عوام کی منصفانہ و جائز جدوجہد کی حمایت میں غیر متزلزل ہو۔ ہفتہ کو میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو محض اسلامی دنیا کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم نہیں تھیں بلکہ وہ بے آواز لوگوں کی آواز، مظلوموں کی طاقت اوراقتدار کے ایوانوں سے دور رکھے گئے شہریوں کی امید تھیں۔
انہوں نے کہا کہ بی بی شہید نے سیاست کو عوامی خدمت کے ایک عظیم مقصد میں ڈھال دیا اور اپنی پوری زندگی ایسے پاکستان کی تعمیر کے لیے وقف کر دی جہاں ہر شہری وقار، مواقع اور انصاف کے ساتھ زندگی گزار سکے،خواہ اس کا تعلق کسی بھی طبقے، جنس، مذہب یا قومیت سے ہو ۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ قید و بند،سیاسی انتقام اور طویل جلاوطنی کے باوجود شہید محترمہ بینظیر بھٹو آمریت اور اُن کی کٹھ پتلیوں کے خلاف اپنی جدوجہد میں کبھی متزلزل نہیں ہوئیں۔انہوں نے غیر معمولی جراَت و غیر متزلزل عزم کے ساتھ جمہوریت کی بحالی اور 1973 کے آئین کی بالادستی کے لیے تاریخی تحریکوں کی قیادت کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے پیغام اور مشن کو اُنکی شہادت بھی خاموش نہ کر سکی۔ اُن کی لیگیسی آج بھی ہر اس پاکستانی خاتون میں زندہ ہے جو رکاوٹوں کو توڑنے کا حوصلہ رکھتی ہے، ہر اس نوجوان میں زندہ ہے جو بہتر مستقبل کا خواب دیکھتا ہے اور ہر اس شہری میں زندہ ہے جوجمہوریت، مساوات اور انسانی حقوق کے لیے آواز بلند کرتا ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اُن کی جماعت شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کے وژن کی روشنی میں ملک میں جمہوری حکمرانی، سماجی انصاف اور ہر پاکستانی کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اُن کے مشن کو آگے بڑھائے گی۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ آج ان اصولوں سے اپنا تجدید عہد کریں جن کے لیے شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی پوری زندگی گزاری، جدوجہد کی اور جامِ شہادت نوش کیا تاکہ ایک جمہوری، روادار اور عوام دوست پاکستان کا ان کا خواب آنے والی نسلوں تک قوم کی رہنمائی اور حوصلہ افزائی کرتا رہے۔







