چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا نوجوانوں میں ہنر، تعلیم اور سیاحت کے فروغ پر زورملتان میں نجی تعلیمی ادارے کی سالانہ کانووکیشن سے خطاب

چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کا نوجوانوں میں ہنر، تعلیم اور سیاحت کے فروغ پر زورملتان میں نجی تعلیمی ادارے کی سالانہ کانووکیشن سے خطاب

ملتان۔20جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نےکہا ہے کہ انہیں جنوبی پنجاب کے اس خطے میں ہنر مند نوجوانوں کی کامیابیوں کا حصہ بن کر بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے،آج کا دور صرف ڈگری حاصل کرنے کا نہیں بلکہ ڈگری کے ساتھ ہنر اور عملی صلاحیتوں کے حصول کا دور ہے

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں ایک نجی تعلیمی ادارے ( کالج آف ٹورزم اینڈ ہوٹل منیجمنٹ جنوبی پنجاب ملتان ) کی سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ قومی اور بین الاقوامی ماحول میں کامیابی انہی افراد کے مقدر میں آتی ہے جو جدید مہارتوں اور عملی استعداد سے آراستہ ہوں۔ انہوں نے فارغ التحصیل طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کی کامیابی ان کی محنت، عزم اور مستقل مزاجی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے اساتذہ اور والدین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی تربیت، رہنمائی اور کامیابی میں ان کا کردار بنیادی اہمیت رکھتا ہے اور انہی کی کاوشوں سے طلبہ اس منزل تک پہنچے ہیں۔

سید یوسف رضا گیلانی نے طلبہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ اپنی زندگی کے ایک نئے اور روشن سفر کا آغاز کر رہے ہیں، دعا ہے کہ آپ اپنی صلاحیتوں کے ذریعے نہ صرف اپنے خاندان بلکہ اپنے خطے اور پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان قدرتی حسن، تاریخی ورثے اور منفرد ثقافتی شناخت سے مالا مال ملک ہے۔ یہاں بے شمار سیاحتی مقامات موجود ہیں جنہیں ابھی عالمی سطح پر پوری طرح متعارف نہیں کروایا جا سکا۔ انہوں نے نوجوانوں کو شمالی علاقہ جات، گلگت بلتستان، بلوچستان اور خصوصاً ملتان کی تاریخی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ملتان پانچ ہزار سال پرانا زندہ شہر ہے جس کی تاریخی شناخت دنیا کی قدیم تہذیبوں کے ساتھ جڑی ہوئی ہے اور یہاں کی تہذیب، ثقافت اور روایات اپنی مثال آپ ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دنیا میں کئی ایسے ممالک موجود ہیں جن کے پاس قدرتی وسائل محدود ہیں مگر وہ سیاحت کے شعبے کی بدولت مضبوط معیشت رکھتے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ انہیں بطور وفاقی وزیر سیاحت کام کرنے کا بھی تجربہ حاصل رہا ہے اور وہ اس شعبے کی معاشی اہمیت سے بخوبی آگاہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ تیز رفتار ترقی اور معاشی استحکام کے لیے ہنر مند افراد ناگزیر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں اٹلی کے سفیر سے ملاقات کے دوران انہیں بتایا گیا کہ ہزاروں ملازمتوں کے مواقع موجود ہیں لیکن ان مواقع سے فائدہ صرف وہی افراد اٹھا سکتے ہیں جو مطلوبہ مہارتوں سے لیس ہوں۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عالمی سطح پر اسکلڈ افرادی قوت کی طلب میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور پاکستان کے لیے یہ ایک سنہری موقع ہے کیونکہ ملک کی تقریباً ساٹھ فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے لیے ضروری ہے کہ ریاستی ادارے اور فلاحی پروگرام مل کر کام کریں۔ انہوں نے کہا کہ وہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، بیت المال اور متعلقہ وزارتوں کو نوجوانوں کی مہارتوں کے فروغ کے لیے تعلیمی اداروں کے ساتھ روابط بڑھانے کی تجویز دیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد کو ہنر مند بنایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین، جرمنی اور امریکہ سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں وسیع مواقع موجود ہیں اور پاکستانی نوجوان اپنی صلاحیتوں کے ذریعے ان مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نےادارے کی انتظامیہ، اساتذہ، والدین اور فارغ التحصیل طلبہ کو کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔انہوں نےپاکستان کے حالیہ علاقائی و عالمی سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی مفاد اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کی سول اور عسکری قیادت کی کاوشیں قابل تحسین ہیں اور اس سے عالمی سطح پر پاکستان کا وقار مزید بلند ہوا ہے۔انہوں نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے اقدام کو بھی سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں معاشی حالات مزید بہتر ہوں گے۔

مزید خبریں