بلاول زرداری کا وزیر اعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ محض دیوانے کی بڑھکیں ہیں،ڈاکٹر فردوس عاشق کی میڈیا سے گفتگو

لاہور۔22دسمبر (اے پی پی):ذخیرہ اندوزی، گرانفروشی کے سدباب کیلئے پنجاب میں انسداد ذخیرہ اندوزی آرڈیننس2020 نافذ کیا، آرڈیننس کے تحت ناجائزمنافع خوروں اور ذخیرہ اندوزں کی سرکوبی کیلئے ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹیوں کوفعال کیاجارہا ہے، جلد پنجاب پرائس کنٹرول اتھارٹی قائم کردی جائیگی، عوام گرانفروشی کی شکایت کا اندراج کروائیں ۔ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر …

لاہور۔22دسمبر (اے پی پی):ذخیرہ اندوزی، گرانفروشی کے سدباب کیلئے پنجاب میں انسداد ذخیرہ اندوزی آرڈیننس2020 نافذ کیا، آرڈیننس کے تحت ناجائزمنافع خوروں اور ذخیرہ اندوزں کی سرکوبی کیلئے ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹیوں کوفعال کیاجارہا ہے، جلد پنجاب پرائس کنٹرول اتھارٹی قائم کردی جائیگی، عوام گرانفروشی کی شکایت کا اندراج کروائیں ۔ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے چیئرمین پنجاب فوڈ اتھارٹی عمر تنویر بٹ اور ڈی جی رفاقت علی کے ہمراہ پنجاب فوڈ اتھارٹی آفس کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار محمد عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبہ بھر سے ملاوٹ مافیا اور جعلسازوں کا قلع قمع کرنے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں 24گھنٹے سرگرم عمل ہیں،ٹھیلوں سے فائیو سٹارز ہوٹل،گلی کوچوں سے موٹرویزتک خوراک کی ترسیل اور تیاری پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے،صحت مند پنجاب کی تکمیل کی راہ میں ملاوٹ مافیا کی موجودگی کسی چیلنج سے کم نہیں تاہم گزشتہ 2سالوں میں ہماری حکومت نے تاریخی اقدامات کیے ہیں، سیاسی شعبدہ بازیوں کی بجائے مربوط قانون سازی کے عمل کو پروان چڑھایا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب فوڈاتھارٹی نے عوام کی سہولت کیلئے صوبہ بھر میں بلامعاوضہ ملک ٹیسٹنگ کا آغازکیا،تمام داخلی و خارجی راستوں پر موبائل ملک ٹیسٹنگ لیبز کی بلاناغہ تعیناتی کی گئی،گلی کوچوں میں فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کے لیے خصوصی بائیک اسکوارڈ،موٹرویز پر قائم فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کے لیے خصوصی سکوارڈکا قیام عمل میں لایا گیا،ایکسیس آف فوڈ ریگولیشن کو وزیراعظم پاکستان احساس پروگرام سے منسلک کرنے پر کام جاری ہے،کاروباری افراد کو نقصان سے بچانے کیلئے تمام فوڈ سیمپلز پنجاب فوڈ اتھارٹی قیمت ادا کر کے حاصل کرے گی، ستمبر2018سے اب تک سنگین خلاف ورزیوں پر 63,121 فوڈپوائنٹس سر بمہر جبکہ 9,382یونٹس کی پروڈکشن اصلاح تک بند کردی گئی،ویجیلنس ونگ نے خفیہ اطلاعات کی بنا پر4,247یونٹس میں چھاپے مارے جبکہ 1064یونٹس کو سر بمہرکیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے صحت مند پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے،ملاوٹی دودھ جیسے مسئلے پرکافی حد تک قابو پانا ہماری کامیابیوں کی راہ کو ہموار کررہا ہے،پائلٹ پراجیکٹ کے کامیاب تجربے کے بعدعوام تک معیاری دودھ کی فراہمی کے لیے ملک پاسچرائزیشن کے قانون پر کام جاری ہے،عوام دوست قوانین کی بدولت فوڈانڈسٹری کا روز بروز ادارے پر اعتماد اسی کی مرہون منت ہے۔ معاون خصوصی نے کہا کہ پولٹری کے کاروبار پر پنجاب میں ایک خاندان کے اجارہ داری ہے جو انڈوں اور مرغی کی قیمتوں کو کنٹرول کر رہا ہے، ن لیگ نے ہرمحکمہ میں من پسند حواریوں کو بھرتی کیا تاکہ کرپشن کا راستہ ہموار کیا جائے، یہ مافیاز ہر شعبہ میں موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی موجودہ لہر پہلے سے زیادہ شدت رکھتی ہے، اپوزیشن نے جس جس شہر میں جلسے کئے وہاں کرونا کیسز میں اضافہ ہوا، پی ڈی ایم پاکستان میں اس وبا کو پھیلانے کا باعث بن رہی ہے، یہ لوگ کرونا پھیلا کر عوام سے بدلہ لے رہے ہیں، حکومت اپوریشن کے جلسوں اور ریلیوں میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈال رہی بلکہ قانون ان کا مقابلہ کرے گا۔ بلاول زرداری کے حوالے سے معاون خصوصی نے کہا کہ وزیر اعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ محض دیوانے کی بڑھکیں ہیں، بلاول ضدی بچے کی طرح ایڑھیاں رگڑ رگڑ کر وزیر اعظم سے استعفیٰ مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی کرسی آئین اور قانون کے تابع ہے، عمران خان آئینی راستے سے وزیر اعظم بنے ہیں اور ان کو ہٹانے کا بھی آئینی راستہ ہے، یوں بلک بلک کر استعفیٰ مانگنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔