بلوچستان اسمبلی میں گوادر کو میرانی ڈیم سے پانی فراہم کرنے کی قرارداد منظور

کوئٹہ۔ 26 ستمبر (اے پی پی):بلوچستان اسمبلی نے گوادر کی عوام کو میرانی ڈیم سے پانی فراہم کرنے کی قرارداد منظور کرلی۔جمعہ کو بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر کیپٹن (ر)عبد الخالق اچکزئی کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی جانب سے گوادر کو میرانی ڈیم سے پانی فراہم کرنے کی قرارداد پیش کی گئی۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ گوادر …

کوئٹہ۔ 26 ستمبر (اے پی پی):بلوچستان اسمبلی نے گوادر کی عوام کو میرانی ڈیم سے پانی فراہم کرنے کی قرارداد منظور کرلی۔جمعہ کو بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر کیپٹن (ر)عبد الخالق اچکزئی کی زیر صدارت شروع ہوا۔ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کی جانب سے گوادر کو میرانی ڈیم سے پانی فراہم کرنے کی قرارداد پیش کی گئی۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ گوادر ایک ابھرتا ہوا بین الاقوامی شہر ہے اور گوادر پورٹ کو سی پیک کا ماتھے کا جھومر کہا جاتا ہے، لیکن افسوس کی بات ہے کہ اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود شہر کے باسی بنیادی سہولت، خصوصا ًپانی جیسی اہم ضرورت سے محروم ہیں۔

گزشتہ کئی برسوں میں تقریبا 18ً ارب روپے پانی کے منصوبوں پر خرچ ہوئے، لیکن کوئی مستقل حل تلاش نہیں کیا گیا۔ قرارداد میں سفارش کی گئی کہ گوادر کے عوام کو میرانی ڈیم سے پانی فراہم کیا جائے تاکہ درینہ مسئلہ حل ہوسکے۔مولانا ہدایت الرحمن نے قرار داد کی موزونیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ عارضی اخراجات کے بجائے مستقل نوعیت کے منصوبوں پر توجہ دی جائے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات ظہور بلیدی نے کہا کہ گوادر میں روزانہ 30 لاکھ گیلن پانی کی ضرورت ہے، ڈیم بنائے گئے ہیں اور امید ہے کہ مسئلہ جلد حل ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہر میں پائپ لائن خستہ حال ہے، تاہم میرانی ڈیم سے پانی لاکر عوام کو فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میرانی ڈیم اپنی عمر پوری کرنے کے قریب ہے، اس لیے کاشت کاری کے بجائے ترجیحا عوام کو پانی دیا جائے گا۔صوبائی مشیر کھیل مینا مجید نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ میرانی ڈیم سے محض چند ایکڑ زمین آباد ہے جبکہ بیشتر علاقے بنجر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں نے اپنی زمینوں پر خون پسینہ بہایا ہے، مگر عوام کی ضروریات اولین ترجیح ہیں اور ہمارا کام ہے کہ ان کے مسائل حل کریں۔بعد ازاں ایوان نے گوادر کو میرانی ڈیم سے پانی فراہم کرنے کی قرارداد منظور کرلی۔ اسپیکر نے اجلاس کی کارروائی مورخہ 29 ستمبر سہ پہر 3 بجے تک ملتوی کردی۔

مزید خبریں