وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان ویمن انٹرپرینیورشپ ڈویلپمنٹ پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پروگرام مکمل کرنے والی 500 خواتین کو مبارکباد دی ہے۔
بلوچستان ویمن انٹرپرینیورشپ ڈویلپمنٹ پروگرام صوبے میں خواتین کی معاشی ترقی کی جانب اہم سنگِ میل ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 17 جولائی (اے پی پی):وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان ویمن انٹرپرینیورشپ ڈویلپمنٹ پروگرام کے پہلے مرحلے کی کامیاب تکمیل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پروگرام مکمل کرنے والی 500 خواتین کو مبارکباد دی ہے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانا حکومت بلوچستان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اسی وژن کے تحت خواتین کو جدید کاروباری مہارتوں، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور خود روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان ویمن انٹرپرینیورشپ ڈویلپمنٹ پروگرام صوبے میں خواتین کی معاشی ترقی کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے، جس کے ذریعے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والی خواتین کو جدید کاروباری مہارتوں، مارکیٹنگ، کاروباری منصوبہ بندی اور ڈیجیٹل ٹولز کے استعمال کی جامع تربیت فراہم کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تربیت خواتین کو نہ صرف خود کفیل بنانے میں مدد دے گی بلکہ وہ صوبے اور ملک کی معیشت میں بھی موثر کردار ادا کر سکیں گی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ خواتین کی صلاحیتوں پر حکومت کو مکمل اعتماد ہے اور انہیں آگے بڑھنے کے لیے سازگار ماحول اور بہتر مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت بلوچستان خواتین کے لیے ہنر مندی، کاروباری ترقی اور روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے کے لیے ایسے پروگراموں کا دائرہ کار مزید وسیع کرے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سے مستفید ہو سکیں۔ میر سرفراز بگٹی نے مشیر برائے محکمہ ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی، محکمہ ترقی نسواں اور پروگرام کے انعقاد میں شامل تمام متعلقہ اداروں اور ٹیم کو اس کامیاب اقدام پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے ان کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس نوعیت کے اقدامات بلوچستان میں خواتین کی معاشی خودمختاری، کاروباری ترقی اور پائیدار خوشحالی کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔








